مولانا کی سیاست ”مینوں وی کھڈاؤ نئی تے کھیڈ نوں مکاؤ“ والی ہے، فساد اور افراتفری چاہتے ہیں
”ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی جماعت کو غیر مسلح نہ کیا گیا تو بڑا تصادم ہو سکتا ہے“: خرم نواز گنڈاپور
مریم صفدر تندور والی لڑائی سیاست میں لے آئی، مریم کو ماڈل ٹاؤن کی شہداء کی یتیم بچیوں سے اظہار ہمدردی کرنے کی توفیق نہ ہوئی
پی ڈی ایم والوں نے مولانا کو صدر بنایا وہ مسز صفدر کے باڈی گارڈ بن گئے، شریف برادران کے پاس ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا کوئی جواب نہیں
نیب پر لشکر کشی کی دھمکی ریاست کو ڈرانے کیلئے ہے، ادارے خاموش رہے تو شریک جرم تصور ہوں گے، اشرافیہ کے دو چہرے اور ڈبل سٹینڈرڈز ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران اس نظام کا کرپٹ چہرہ قوم کو دکھا دیا تھا: خرم نواز گنڈاپور کی وفود سے بات چیت
لاہور (22 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی جماعت کو غیر مسلح نہ کیا گیا تو بڑا تصادم ہو سکتا ہے۔ فضل الرحمن اور ن لیگ کی تیاریاں پولیس نہیں عسکری تنظیم کا مقابلہ کرنے والی ہیں، یہ ٹولہ غریب کارکنوں کو مروا کر عالمی سطح پر ریاست پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنا چاہتا ہے۔ مولانا کی سیاست ”مینوں وی کھڈاؤ نئی تے کھیڈ نوں مکاؤ“ والی ہے، نیب کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، ن لیگ والے عدالتوں پر حملے کرنے اور قتل و غارت گری کی ایک کھلی تاریخ رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مریم گرفتاری کے خوف کے باعث مولانا فضل الرحمن کے عسکری ونگ کے لشکر کے ساتھ نیب کے دفتر جانا چاہتی ہیں۔ مریم صفدر کروڑوں غریب عوام کے حقوق کی بات کرتی ہیں مگر سات سال گزر جانے کے بعد بھی انہیں ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے ہاتھوں قتل کر دی جانے والی دو خواتین تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی یتیم بیٹیوں سے اظہار ہمدردی کی توفیق بھی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر تندور والی لڑائی سیاست میں لے آئی ہیں۔ نواز شریف کو فارغ کروانے والا جو کام ان کے مخالف نہ کر سکے مریم اور کیپٹن (ر) صفدر نے مل کر کر دکھایا۔ نواز شریف پر کرپشن اور قتل و غارت گری کے داغ تھے بیٹی نے الطاف حسین والے مقام پر لا بٹھایا۔ مریم نے ایوان وزیراعظم میں بیٹھ کر فوج کے خلاف مہم جوئی کرکے ن لیگ کو اقتدار سے سڑک کی جماعت بنا دیا۔ فوج کے خلاف بیان بازی کی وجہ سے محب وطن پڑھے لکھے عوام شدید غم و غصہ میں ہیں۔ عورت کی حکمرانی کو حرام قرار دینے والے مولانا فضل الرحمن کو پی ڈی ایم والوں نے صدر بنایا وہ مریم صفدر کے باڈی گارڈ بن گئے۔ مولانا ن لیگ کو انتہا پسندی، شدت پسندی اور فاشزم کا میڈل پہنارہے ہیں، مریم نے چند سال مزید ن لیگ کی قیادت کی تو سب جیلوں میں بند نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے لمبی جیل نواز شریف کی وجہ سے کاٹی، زبان کٹوانے کا الزام بھی نوازشریف پر ہے۔ نواز شریف سیاسی مخالفین کی پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کا بڑا ثبوت ہے۔ نیب پر لشکر کشی کی وجہ مولانا فضل الرحمن سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرز پر قتل عام چاہتے ہیں تاکہ ان کی سیاست اور ڈیرہ چلتا رہے۔ لشکر کشی ریاست کو ڈرانے کے لئے ہے اس پر ادارے خاموش رہے تو شریک جرم تصور ہوں گے، ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی جماعت کو ہر حال میں غیر مسلح کرنا ہو گا۔
خرم نواز گنڈاپور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نظام انتخاب کا اصل چہرہ 2013ء کے لانگ میں اور اس پورے نظام کا چہرہ 2014ء کے دھرنے میں قوم کو دکھا دیا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 72 دن کے دھرنے میں جو جو کہا تھا اس پر عدالتوں نے تصدیق کی مہریں لگائیں، ابھی بھی قوم سے دھوکہ ہو رہا ہے جب تک یہ نظام رہے گا لوٹ مار رہے گی۔
انہوں نے بجلی، گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ایک طرف کہتے ہیں کہ مہنگائی جلد کنٹرول ہو جائے گی جبکہ دوسری طرف بجلی گیس کی قیمتیں بڑھارہے ہیں، جب بجلی، گیس کی قیمتیں بڑھیں گی تو لامحالہ مہنگائی بھی بڑھے گی۔ عوام پر بوجھ ڈال کر ملکی قرضے اتارنے کی سوچ تبدیل کی جائے۔ ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے، ملک میں کاروباری سرگرمیاں بڑھائی جائیں، بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھانے سے معیشت اور حکومت دونوں کبھی پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکیں گے۔
تبصرہ