ٹریکٹر سڑکوں پر نہیں کھیتوں میں چلتے اچھے لگتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کسان نے اناج اگانا بند کر دیا تو سب بھوکے مریں گے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
عوامی تحریک کی کور کمیٹی کسانوں کی حمایت کرتی ہے: میاں ریحان، قاضی شفیق
حکومت بھی آڑھیتوں کی طرح کسانوں کے استحصال میں ملوث ہے: راجہ زاہد محمود
لاہور (17 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ٹریکٹر سڑکوں پر نہیں کھیتوں میں چلتے اچھے لگتے ہیں۔ کسان نے اناج اگانا بند کر دیا تو پھر سارا ملک بھوکا مرے گا۔ انہوں نے کسانوں کی طرف سے ٹریکٹر بطور احتجاج سڑکوں پر لانے کے اعلان پر پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران، ڈپٹی کنوینئر قاضی شفیق، ڈپٹی کنونیئر عارف چودھری، میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، نور محمد سہو اور راؤ کامران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان سے امتیازی سلوک اب بند ہونا چاہیے۔ انہیں وہی سہولتیں اور مراعات ملنی چاہئیں جو تاجروں، دکانداروں اور صنعتکاروں کو ملتی ہیں۔ کسانوں کو خالص اور سستے بیج، کھادیں، ڈیزل اور بجلی دی جائے تاکہ وہ قوم کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی بھی کفالت کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں اکثریت زمینداروں کی ہے وہ کاشت کار کے حق میں قانون سازی کرتے ہیں اور نہ ہونے دیتے ہیں۔ بڑے زمیندار اور کارخانہ دار چاہتے ہیں کاشت کار ان کے مزارع کی حیثیت سے زندہ رہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ گندم، چاول اور گنے کی قیمت نہیں بڑھتی جبکہ چینی، آٹے اور سوجی، میدے کی قیمت ہر ہفتے بڑھتی ہے۔ کسانوں کے ساتھ یہ ظلم کیوں؟ پی ڈی ایم والوں نے کئی ماہ سے آسمان سر پر اٹھائے رکھا مگر کسی ایک نے بھی کسانوں کے حق کے لئے آواز نہیں اٹھائی، حکومت بھی آڑھیتوں کی طرح کسانوں کے استحصال میں ملوث ہے۔ بھارت میں کسانوں نے بے رحم، کارپوریٹ اور ملٹی نیشنل اجارہ دار سیکٹر کے مفادات کی محافظ مودی سرکار کو اپنے وجود کا احساس دلوا دیا ہے۔ پاکستان میں اس نوع کے ردعمل سے بچنے کے لئے حکومت کسانوں کی بات سنے اور ان کے مسائل حل کرے۔ پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے بھی کسانوں کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کی ہے۔ کور کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ زمیندار اور کارخانہ دار کا بچہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرتا ہے جبکہ کاشتکار کے بچے کو ٹاٹ کے سکولوں میں بھی تعلیم میسر نہیں ہے۔ کسانوں میں پائی جانے والی تشویش بلاجواز نہیں ہے۔
تبصرہ