پاکستان عوامی تحریک 23 مارچ کو کراچی میں نظام بدلو ریلی نکالے گی
بیداری شعور مہم شروع کر دی، 25 مئی کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ ہوگا
ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو نظام کی تبدیلی کا شعور دیا: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
عوام دھاندلی اور کرپشن پر مبنی اس نظام سے تنگ ہیں: نور اللہ صدیقی
لاہور (15 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ عوام دھاندلی اور کرپشن پر مبنی اس نظام سے تنگ ہیں فرسودہ نظام کے خلاف بیداری شعور مہم شروع کر دی ہے۔ 23 مارچ کو کراچی میں نظام بدلو ریلی نکالی جائے گی۔ 25 مئی کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ عام ہوگا۔ نظام کی تبدیلی عوامی تحریک کا منشور ہے۔
جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک کراچی اور کور کمیٹی کے ممبر راؤ کامران محمود سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ کراچی پڑھے لکھے باشعور شہریوں کا شہر ہے۔ شہر قائد سے جو تحریک بھی چلتی ہے اس کی بازگشت ملک کے کونے کونے میں سنائی دیتی ہے اس لئے پاکستان عوامی تحریک بیداری شعور اور نظام بدلو مہم کا آغاز کراچی سے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوریت پسند اور محب وطن عوام نظام کی تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پہلی بار نظام کی تبدیلی کا شعور دیا اور آج تمام سیاسی جماعتیں ملک کے حالات بدلنے کیلئے نظام بدلنے پر متفق ہیں۔ وزیراعظم پاکستان بھی نظام بدلنے کی باتیں کر رہے ہیں لہذا اب باتوں کا نہیں عمل کا وقت ہے، نظام بدلنے کیلئے تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ظالم اور قاتل نظام نے ماڈل ٹاؤن اور بلدیہ کراچی جیسے سانحات دیئے، اس نظام میں قتل عام کے ملزمان کو کٹہرے میں لانے کیلئے نسل در نسل قانونی چارہ جوئی کرنی پڑتی ہے اور محض ایف آئی آر کے اندراج اور غیر جانبدار تفتیش کا حق لینے کیلئے بھی احتجاج کرنے پڑتے ہیں۔ انصاف اس قدر مہنگا ہو گیا ہے کہ عام آدمی گھر بار اور جمع پونجی بیچ کر بھی انصاف سے محروم رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی فرد یا جماعت کے خلاف نہیں اس نظام کے خلاف ہے۔
تبصرہ