حکومت ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کا نوٹس لے: بشارت جسپال
غربت کی وجہ سے خودکشی اور پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث شہری قتل ہو رہے ہیں
بچوں سے زیادتی کے کیس بڑھ گئے، زینب الرٹ بل فائلوں میں پڑا ہے
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر کی عہدیداروں سے گفتگو
لاہور (یکم مارچ 2021) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں خودکشیاں لمحہ فکریہ ہیں۔ آئے روز غریب پھندے سے جھول رہے ہیں مگر مہنگائی اور بے روزگاری کو کم کرنے کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نظر نہیں آ تی۔ دوسری طرف ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے والوں کو ڈاکو بے دردی سے قتل کر دیتے ہیں۔ ڈکیتی کے دوران قتل کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گگو منڈی میں ڈاکو ناکہ لگا کر راہ گیروں کو لوٹ رہے تھے اس دوران نوجوان مستنصر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اس ڈاکو گردی اور بے گناہ نوجوان کے قتل کا نوٹس لیں۔ پولیس کی ناقص کاکردگی کے باعث جرائم کا گراف بڑھ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، عارف چوہدری، راجہ ندیم و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے کیس بھی بڑھ رہے ہیں۔ زینب الرٹ بل منظور ہونے کے باوجود فائلوں میں پڑا ہے، صوبوں نے اس بل کی روشنی میں اتھارٹیز قائم کرنا تھیں جو تا حال نہیں کی گئیں۔ پولیس کا رویہ بھی تبدیل نہیں ہوا، بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی رپورٹ درج کرنے سے لیت و لعل سے کام لیا جاتا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں اپنے اپنے امیدوار بلا مقابلہ منتخب کروانے کیلئے قومی اتفاق رائے کر سکتی ہیں تو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے ایک پیج پر کیوں نہیں بیٹھ سکتی۔
تبصرہ