ڈاکٹر طاہرالقادری نے 13 جنوری کو انتخابی اصلاحات کے لیے لانگ مارچ کیا: خرم نواز گنڈا پور
ملکی سیاسی تاریخ کا یہ پہلا لانگ مارچ تھا جس کا ایجنڈا حقیقی
جمہوریت کا قیام تھا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے 8 سال قبل انتخابی اصلاحات کا جو ویثرن دیا آج سب وہی بات کر
رہے ہیں
لاہور (12 جنوری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 13 جنوری کو انتخابی اصلاحات کے لیے لانگ مارچ کیا۔ ملکی سیاسی تاریخ کا یہ پہلا لانگ مارچ تھا جس کا ایجنڈا حقیقی جمہوریت کا قیام تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 8 سال قبل انتخابی اصلاحات کا جو ویثرن دیا آج سب وہی بات کر رہے ہیں۔ پاکستان کے لاکھوں افراد نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں عوام دشمن فرسودہ نظام انتخابات کے خلاف نفرت کا اظہار کیا تھا۔
سٹیٹس کو کی سیاسی قوتوں نے عوامی رائے کو دباتے ہوئے انتخابی اصلاحات نہیں ہونے دیں۔ جمہوریت کا ورد کرنیوالی سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت کی سب سے بڑی دشمن ہیں۔ آج جو جماعتیں دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں یہی قوتیں دھاندلی کے نظام کو مضبوط اور کھڑا کرنیوالی ہیں۔ حکومت اور سیاسی جماعتیں اگر چاہتی ہیں الیکشن شفاف ہوں تو وہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے انتخابی اصلاحات کے ویژن کو اختیار کریں۔ 2013 میں اس وقت کی حکومت نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے جو تحریری معاہدہ کیا تھا وہ دستاویز آج بھی محفوظ ہے اس پر عمل کیا جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کا لانگ مارچ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت کے قیام، استحصالی نظام کے خاتمے اور انتخابی اصلاحات کے لئے تھا، تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا تھا کہ لانگ مارچ کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے نہیں بلکہ ڈی ریل جمہوریت کو پٹڑی پر چڑھانا چاہتا ہوں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوراللہ صدیقی، بشارت جسپال، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، چودھری افضل گجر، ڈاکٹر سلطان محمود و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 13 جنوری 2013ء کو عوام نے کرپٹ اور ظالمانہ نظام انتخاب کا سر کچلنے کے لئے آئینی و جمہوری جدوجہد کی، پاکستان عوامی تحریک نے لانگ مارچ کے ذریعے دنیا کو پرامن احتجاج کا طریقہ سکھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور دنیا کو معلوم ہوا یہ وہ مہذب قوم ہے جو انتہائی پرامن رہ کر بھی اپنے مطالبات کے حق میں موثر آواز اٹھا سکتی ہے۔ اپنے، بیگانے سبھی نے لانگ مارچ کے حسن نظم کا اعتراف کیا۔
تبصرہ