مریم سیریل کلر رانا ثناء اللہ کے ساتھ کھڑے ہو کر کس کو دھوکہ دے رہی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کوئٹہ کے مظلوموں سے ہمددری کا ڈرامہ کرنے والی ن لیگ ماڈل ٹاؤن قتل عام کی ذمہ دار ہے
ن لیگ کے دور حکومت میں مخالفین کو قتل کروانے کیلئے پولیس استعمال کرنے کا آغاز ہوا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (8 جنوری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے مظلوموں سے ہمدردی کی منافقت کرنے والی ن لیگ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی ذمہ دار ہے، مریم صفدر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ اور سیریل کلر رانا ثنا اللہ کے ساتھ کھڑے ہو کر سانحہ کوئٹہ کا ذکر کس منہ سے کر رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں مخالفین کو قتل کروانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے پولیس کو استعمال کرنے کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی رہائشی مریم صفدر کو 6 سال گزر جانے کے بعد بھی ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی گولیوں کا نشانہ بننے والی تنزیلہ امجد شہید اور شازیہ مرتضیٰ شہید کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرنے کی توفیق نہ ہوئی، جن کے اپنے دامن بے گناہ انسانی خون سے رنگے ہوئے ہیں وہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟ اور منافقت کیوں کر رہے ہیں؟ مریم کے والد اور چچا نے مظلوموں سے ہمدردی تو کیا کرنی تھی مقتولین کے ورثا سے ایف آئی آر کے اندراج اور غیر جانبدار تفتیش کا حق بھی چھین لیا تھا۔ 6 سال گزرنے کے بعد بھی ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا۔ انصاف کے حصول کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔
تبصرہ