ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو این آر او دینے کی باتیں سن رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
اشارے مل رہے ہیں حکومت قاتل اعلیٰ سے تھرڈ پارٹی کے ذریعے مذاکرات چاہتی ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش مکمل کیوں نہیں ہونے دی جارہی؟ سیکرٹری جنرل
لاہور (29 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو این آر او دینے کی باتیں سن رہے ہیں، اشارے مل رہے ہیں حکومت قاتل اعلیٰ سے تھرڈ پارٹی کے ذریعے مذاکرات چاہتی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش مکمل کیوں نہیں ہونے دی جارہی؟ حکومت کی طرف سے مدت پوری کرنے کی غرض سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل شہباز شریف کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کی قیمت پر کوئی این آر او دیا گیا تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا، شہباز شریف ہمارے معصوم کارکنوں کے قاتل اور سانحہ کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔
عوامی تحریک کے وکلاء رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت کو پی ڈی ایم کی تحریک ناکام بنانے کی پیشکش کریں یا اپنے بڑے بھائی کے خلاف کھڑے ہوں، ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے اور سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ہونے والی جے آئی ٹی کو اپنی تفتیش مکمل کرنے دی جائے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بے گناہ کارکنوں کے خون سے نہ کسی کو سیاست چمکانے دیں گے اور نہ ہی کسی کو انصاف کا خون کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست بات ہے کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا اور جب مسئلہ اقتدار کا ہو تو بڑے بڑے کمپرومائز کر لئے جاتے ہیں مگر ہم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کو سیاست کا ذریعہ بنایا اور نہ ہی اس پر کسی کو سیاست چمکانے دیں گے۔
تبصرہ