بے نظیر بھٹو شہید ایک مدبر اور جراَت مند سیاستدان تھیں: خرم نواز گنڈاپور
بے نظیر بھٹو شہید آخری سانس تک دہشت پسند قوتوں سے نبرد آزما رہیں اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا
شہید بے نظیر بھٹو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم و تحقیق اور انسانیت کیلئے خدمات کی معترف تھیں
بے نظیر بھٹو شہید منہاج القرآن کی لائف ممبر بھی تھیں، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت شہید بے نظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے
لاہور (28 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہم پاکستان عوامی تحریک کے جملہ کارکنان، منہاج القرآن کے قائد و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت شہید بے نظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور دہشت گردی کے خاتمے کے جس عظیم مشن کے تناظر میں انہوں نے جان کی قربانی دی اس قربانی کے صدقے اللہ رب العزت پاکستان کو انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نجات عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید ایک مدبر اور جرات مند سیاست دان تھیں، ان کی پاکستان، خطہ اور دنیا کی سیاست پر گہری نظر تھی وہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے فتنہ سے پوری طرح آگاہ تھیں اور اس ضمن میں انہوں نے ہمیشہ ابہام سے پاک موقف اختیار کیا، آخری سانس تک وہ دہشت پسند قوتوں سے نبرد آزما رہیں اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ان کے درجات بلند فرمائے۔
بے نظیر بھٹو شہید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمت دین، تعلیم و تحقیق اور انسانی خدمت کے حوالے سے ان کے نظریات اور تحریک منہاج القرآن کی قومی و بین الاقوامی خدمات کی معترف تھیں، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید منہاج القرآن کی لائف ممبر بھی تھیں۔
تبصرہ