محروم طبقات کو حقوق دلانا عوامی تحریک کامشن ہے: قاضی زاہد حسین
جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے
لئے کسی نے کچھ نہیں کیا
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے وارثان 6 سال سے انصاف کے منتظر ہیں
پاکستان عوامی تحریک کو منظم، فعال اور متحرک بنانے کے لئے تنظیم سازی کا عمل جاری
ہے: صدر پاکستان عوامی تحریک
لاہور (14 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عوام دشمن نظام کا خاتمہ، محروم طبقات کو انکے حقوق دلانا ہماری جدوجہد اور مشن ہے۔ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لئے کسی بھی حکمران نے کچھ نہیں کیا۔ جنوبی پنجاب میں پاکستان عوامی تحریک کو منظم اور فعال بنانے کےلئے تنظیم سازی کا عمل جاری رہے گا اور اس کے لئے جنوبی پنجاب کے مسائل سے مکمل آگاہ اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنان کو آگے لا رہے ہیں۔ پورے پاکستان سے لوگ پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ شریف برادران کا بیانیہ فوج اور ملکی اداروں کے خلاف ہے اس لئے محب وطن لوگ ملک توڑنے کی باتیں کرنیوالوں کو چھوڑ کر ملک جوڑنے والوں کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو، جنرل سیکرٹری سردار سیف اللہ سدوزئی ایڈووکیٹ، راءو محمد عارف رضوی، افتخار قریشی، چوہدری قمر عباس دھول، چوہدری علی رضا نت و دیگر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے وارثان 6 سال سے انصاف کے منتظر ہیں ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف مل گیا تو عوام کا ملک کے عدالتی نظام پر اعتماد بڑھے گا۔
ماڈل ٹاؤن میں بے دردی سے شہید کر دئیے جانیوالے 14 لوگ اور 100 سے زائد زخمی بھی پاکستانی شہری تھے۔ قاتلوں کو سزا ملے گی تو انصاف کا بول بالا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی نا اہلیوں اور کرپشن کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے لوگ جس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں اس سے قدیم تاریخ کے دور کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ علاج معالجے کی سہولتیں میسر نہیں، پینے کےلئے صاف پانی نہیں۔ جہاں سے جانور پانی پیتے ہیں وہیں سے انسان پیاس بجھاتے ہیں۔ غریبوں کے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ اقتدار کا مزا لوٹنے والے سابق حکمرانوں نے دنیا بھر میں محلات بنا رکھے ہیں اور جنوبی پنجاب کے غریب عوام گرد و غبار، محرومی، بے بسی اور پسماندگی میں رہ کر وقت گزار رہے ہیں۔
تبصرہ