اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کا فائدہ نواز شریف کو پہنچا: خرم نواز گنڈاپور
عملاً عجب کرپشن کی غضب کہانی داخل دفتر ہو چکی، قانون نہیں
افراد طاقتور ہیں
نواز شریف اور اس کے مفرور بچوں کو عزیز بلوچ کی طرح پاکستان لایا جائے
سانحہ ماڈل ٹاؤن ہو یا کرپشن، قانون اور قانون کے رکھوالے نواز شریف سے ڈرتے ہیں
کرپشن زدہ نظام کی پٹاری میں مجرموں کے لئے ہر طرح کا ریلیف موجود ہے
ریاست ایک مجرم کے معاملے میں اتنی بے بس کیوں ہے؟ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (5 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اشتہاری قرار دئیے جانے کے فیصلے کا فائدہ مجرم نواز شریف، اس کے مفرور بچوں اور سمدھی کو پہنچے گا، عملاً عجب کرپشن کی غضب کہانی داخل دفتر ہو چکی، قانون طاقتور ہوتا تو مجرم نواز شریف اور اس کے کرپٹ بچوں کو انٹرپول کے ذریعے عزیر بلوچ کی طرح ہتھکڑیوں میں جکڑ کر پاکستان لایا جاتا، ثابت ہو گیا یہاں قانون کی بجائے افراد بالادست ہیں اور اس کرپشن زدہ نظام کی پٹاری میں مجرموں کے ریلیف اور سہولت کے لئے چور دروازے دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش ہو یا مجرم خاندان کو پاکستان واپس لانا ہو ہر مسئلے پر ریاست اور اس کا قانون طاقتور کے سامنے بے بس نظر آتا ہے، آخر یہ بے بسی کیوں ہے؟
پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، نور محمد سہو، میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود اور عارف چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جن معاشروں میں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں نہ امن ہوتا ہے اور نہ ہی ترقی اور خوشحالی آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معمولی چوریاں کرنے والوں اور چوری کے جھوٹے الزامات کے تحت سزا کاٹنے والوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں مگر طاقت ور چور ہو یا قاتل کوئی اس کو ہاتھ نہیں لگا سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کی ایک ناقابل تردید مثال ہے، انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو غیر جانبدار تفتیش کروائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے 6 سال گزر گئے مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ اگر قتل عام کا یہ الزام کسی غریب کے سر ہوتا تو اب تک اس کا سارا خاندان نشان عبرت بن چکا ہوتا، ہم یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ملکی قانون اور قانون کے رکھوالے نواز شریف سے ڈرتے ہیں۔
تبصرہ