نواز، شہباز کے دور حکومت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیران کو پیرول پر رہا نہیں کیا گیا تھا
شریف برادران اقتدار کے نشے میں انسانیت بھول گئے تھے، آج نشان
عبرت ہے
سانحہ ماڈل ٹاون کے اسیران میں سے کوئی سزا یافتہ بھی نہیں تھا: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہر القادری نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کرکے اسلامی اخلاقی فریضہ
انجام دیا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (28 نومبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیران کو دو گھنٹے کے لئے بھی پیرول پر رہا نہیں کیا گیا تھا، حالانکہ سانحہ کے اسیران میں سے کوئی سزا یافتہ بھی نہیں تھا۔ آج شہباز شریف اور ان کے حواریوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہے، خود کو زمین پر سیاہ و سفید کا مالک سمجھنے والوں کو ماں باپ کے جنازوں میں شرکت کیلئے بھی اجازت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی موت پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، اسے امر ربی سمجھتے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کرکے اپنا اسلامی اخلاقی فریضہ انجام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران اقتدار کے نشے میں انسانیت اور اخلاقیات بھول گئے تھے اور انسان کو انسان نہیں سمجھتے تھے، آج وہی خاندان نشان عبرت بنا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کے ماں باپ کے انتقال پر پیرول پر رہائی اور جنازے میں شرکت کا قانون منظور کیا جائے اور آئی جی پرزنر کو اس حوالے سے اجازت دینے کے حوالے سے با اختیار بنایا جائے تاکہ انسانی تقاضا پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اس ایشو پر منفی سیاست کا دروازہ بھی بند کیا جا سکے۔
تبصرہ