خرم نواز گنڈاپور کی لیفٹیننٹ خالد ناصر شہید کے اہلخانہ سے تعزیت
ہمارے شہداء قوم کا فخر اور پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہیں، سیکرٹری جنرل
لاہور (8 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لیفٹیننٹ خالد ناصر کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہی وہ ہیروز ہیں جو پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ضمانت ہیں، انہی کی قربانیوں کے صدقے 21 کروڑ عوام چین کی نیند سوتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ خالد ناصر منہاج القرآن ویمن لیگ کی زونل ناظمہ کشمیر عذرا اکبر کے بھانجے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز ناظمہ کشمیر زون محترمہ عذرا اکبر سے ٹیلیفون پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید کا رتبہ اللہ کے ہاں بہت بلند تر ہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہداء کا خون ہے اور اس کی حفاظت بھی شہداء کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے جملہ ذمہ داران، کارکنان لیفٹیننٹ خالد ناصرکے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں اللہ رب العزت شہید کے درجات بلند اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم سے نوازے۔
دریں اثناء نائب ناظم اعلیٰ کشمیر زون علامہ رانا محمد ادریس نے بھی لیفٹیننٹ خالد ناصر شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے بھی محترمہ عذرا اکبر سے ٹیلیفون پر تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
تبصرہ