حکومت بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرے، عوامی تحریک کا مطالبہ
ووٹرز کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے حق سے محروم رکھنا غیرآئینی ہے
بلدیاتی اداروں کے کھربوں کے فنڈ بیوروکریسی استعمال کررہی ہے
گوجرانوالہ ڈویژن کے عہدیداروں کے کنونشن سے رہنماؤں کا خطاب
کنونشن سے میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، عارف چودھری، وسیم ہمایوں کا خطاب
کنونشن میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی
لاہور (21 اگست 2020ء) پاکستان عوامی تحریک گوجرانوالہ کے عہدیداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور اس حوالے سے بلاتاخیر الیکشن کمیشن کو بلدیاتی الیکشن کے انتظامات کرنے کے لئے باضابطہ خط لکھے، ووٹرز کو ووٹ کے استعمال اور اپنے نمائندوں کے انتخاب کے حق سے محروم رکھنا غیرآئینی ہے۔
اجلاس سے جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، سینئر رہنماؤں وسیم ہمایوں، ملک کرامت، اعظم گجر، ملک فاروق، گلریز وڑائچ، اعظم گوندل، الطاف الرحمن، شفاقت مہر نے خطاب کیا۔
جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں ڈویژنل سطح پر عہدیداروں کے کنونشن منعقد کئے جائیں گے اور ستمبر میں اضلاع کی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے جو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک جاری رہیں گے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے کھربوں روپے کے فنڈز جو منتخب نمائندوں کو استعمال کرنے چاہئیں وہ بیوروکریسی اپنی مرضی کے مطابق استعمال کررہی ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان بلدیاتی اداروں کے ہمیشہ سے پرزور حامی رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ وہ انتخابات کروا کر حق داروں تک حق پہنچائیں۔
اجلاس میں حالیہ طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی اور اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ سابق دور حکومت میں لاہور، گوجرانوالہ سمیت بڑے شہروں میں سیوریج کے جدید نظام کے نام پر جو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز استعمال کئے گئے ان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے کیونکہ سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب کے تمام بڑے شہر تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں اور اس سے روزمرہ کی انسانی زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ طوفانی بارشوں سے جن کے گھروں اور کاروبار کو نقصان پہنچا حکومت ان کے لئے مالی پیکیج کا اعلان کرے۔
تبصرہ