تعلیمی اداروں کو پرچم کشائی سے روکنے کا نوٹیفکیشن غیرضروری ہے: نور اللہ صدیقی
طلباء و طالبات کو پرچم کشائی کی سعادت سے محروم نہ رکھا جائے
قیام پاکستان کی جدوجہد میں برصغیر کے طلبہ نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا : مرکزی
سیکرٹری اطلاعات
لاہور (12 اگست 2020) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کی تقاریب روکنے کے نوٹیفیکیشن پر ردعمل میں کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو پرچم کشائی سے روکنے کا نوٹیفیکیشن غیرضروری ہے۔ قومی پرچم لہرانے کی سب سے زیادہ تقاریب تعلیمی اداروں میں ہوتی ہیں۔ سینما اور تھیٹرز کھول دیئے گئے ہیں، تعلیمی ادارے بھی کھولے جائیں۔ طلباء و طالبات کو پرچم کشائی کی سعادت سے محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کنٹرول میں ہے تو پھر تعلیمی ادارے کھولنے میں حرج نہیں۔ کیا پرچم کشائی ’’جرم‘‘ ہے جس پر اب گرفتاریاں بھی کی جائیں گی، قیام پاکستان کی جدوجہد میں برصغیر کے طلبہ نے لازوال کردار ادا کیا۔ تحریک پاکستان میں طلبہ قائداعظم کا ہراول دستہ تھے۔ ملک کا 74 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جانا چاہیے کہ اس مملکت خداداد پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجز میں ہونے والی یوم آزادی کی تقاریب ملی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں اور ان میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جاتی ہیں۔
تبصرہ