مریم نواز نے منصوبہ بندی کے تحت نیب کے دفتر پر لشکر کشی کی
شریف خاندان نے ہمیشہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا: خرم نواز
گنڈاپور
ثابت ہو گیا ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کرنے والے طاقتور اور قانون کمزور ہے
سزائیں ملنے کے باوجود کسی کی جرأت نہیں کہ اشرافیہ کے مافیا کو جیل میں ڈال سکے
نواز شریف جس ناجائز محل کی وجہ سے نااہل ہوئے اسی میں رہائش پذیر ہیں
ڈاکو فیملی احتساب سے بچنے کے لئے معصوم کارکنوں کی لاشیں گرانا چاہتی ہے
ن لیگ سیاسی جماعت نہیں ایک منظم مافیا اور مسلح گروہ ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (11 اگست 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکو فیملی احتساب سے بچنے کے لئے معصوم کارکنوں کی لاشیں گرانا چاہتی ہے، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں ایک منظم مافیا اور مسلح گروہ ہے، پاکستان کی آدھی سے زیادہ دولت اس مافیا کی تجوریوں میں ہے اور جب بھی کوئی ان سے حساب مانگتا ہے تو یہ حملہ آور ہوتے ہیں، سزا یافتہ مریم نواز نے منصوبہ بندی کے تحت نیب کے دفتر پر لشکر کشی کی، قانون کی بالادستی ہوتی تو کسی مجرم یا مجرمہ کو آئینی اداروں پر حملہ کرنے کی جرأت نہ ہوتی، شریف خاندان کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے آئین، قانون کی دھجیاں اڑائیں، اس خاندان نے پاکستان کا کھربوں روپیہ لوٹا اور جواب دینے کی بجائے اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون پسند، ٹیکس گزار محب وطن شہری سوال کرتے ہیں کہ کیا قانون صرف ریڑھی بانوں، خوانچہ فروشوں اور مزدوروں، غریبوں، کلرکوں کے لئے ہے؟ مافیا پر ہاتھ ڈالتے ہوئے حکومت کی ٹانگیں کیوں کانپتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے نیب کے دفتر پر لشکر کشی کی ایک ایک کو نشان عبرت بنایا جائے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جن ملکوں میں ریاست کی رٹ مستحکم اور ادارے معتبر ہوتے ہیں وہاں پر کوئی قانونی عمل کو بلڈوز کرنے کی جرأت نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ خاتون کارکنوں کی آڑ میں مسلح لشکر لیکر نیب کے دفتر پر حملہ آور ہوئی، یہ خاندان اس سے پہلے سپریم کورٹ سمیت ہر چھوٹے بڑے ادارے پر حملہ کر کے اپنی طاقت کا لوہا منوا چکا ہے اور کوئی ادارہ ان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکا، عدالتوں سے سزائیں ملنے کے باوجود کسی کی جرأت نہیں ہے کہ وہ انہیں جیل میں رکھ سکے، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے 113بے گناہ کارکن بغیر کسی قصور کے ایک سال جیلوں میں بند رہے اور دوسری طرف دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹنے اور کنگال کرنے والے سزا یافتہ ہونے کے باوجود غنڈہ گردی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے مافیا نے ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو قتل اور سینکڑوں کو شدید زخمی کیا اور کوئی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکا، نواز شریف ہو یا شہباز شریف یا مریم نواز انہوں نے اپنے کارکنوں کو قانون توڑنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی تربیت دی ہے، یہ خاندان اپنی بات منوانے کے لئے قانون، سیاست، اخلاقیات کی بجائے طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے؟
تبصرہ