حکومت کاغذ کی قیمت کے تعین کیلئے میکانزم وضع کرے: بشارت جسپال
تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے ہی کاغذ مافیا نے قیمت بڑھا دی، حکومت نوٹس لے
غریب والدین بچوں کو مہنگی کتابیں مہیا کرنے سے قاصر ہیں: صوبائی صدرپی اے ٹی
لاہور (9 اگست 2020) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ کی قیمت کے تعین کیلئے باقاعدہ میکانزم وضع کیا جائے۔ کورونا وباء کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے ہی کاغذ مافیا نے کاغذ کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھا دی ہے جس سے کتابوں کی قیمتوں میں اضافہ اور نئی کتب کی اشاعت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ غریب طبقہ اپنے بچوں کو مہنگی کتابیں مہیا کرنے سے قاصر ہے۔ حکومت کاغذ کی قیمتوں میں اضافہ کو روکنے میں ناکام ہوئی تو ناخواندگی کا سیلاب پورے ملک کو جہالت کے سمندر میں ڈبو دے گا اور پہلے سے تباہ حال تعلیمی نظام پر کاری ضرب لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں انقلاب لانے کی باتیں تو بہت ہوتی ہیں مگر ٹھوس اور عملی اقدامت دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ کی قیمتوں کے تعین میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کتابوں کی قیمتیں بڑھتی رہتی ہیں۔ غریب اور متوسط گھرانوں کے والدین اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کیلئے تعلیمی وسائل مہیا کرتے ہیں حکومت قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے کاغذ مافیا کے خلاف ایکشن لے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے جامع پالیسی وضع کرے۔
تبصرہ