سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت 8 اگست تک ملتوی
کورونا وائرس وبا کے باعث سماعت مارچ سے التوا کا شکار ہے
لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ جے آئی ٹی سے متعلق 9 ستمبر کو سماعت کرے گا
سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی لیگل ٹیم کے ترجمان نعیم الدین ایڈووکیٹ کی بریفنگ
لاہور (25 جولائی 2020) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس پر 8 اگست کو سماعت کرے گی۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث 25 جولائی کو سماعت نہ ہو سکی اور 8 اگست کی تاریخ دی گئی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی لیگل ٹیم کے ترجمان نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا اور احتیاطی تدابیر کے باعث سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر سماعت مارچ 2020 سے التوا کا شکا ر ہے، انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی تازہ ترین صورتحال پر بتایا کہ انسداد ہشتگردی عدالت لاہور میں ملزمان کی طرف سے درخواست دی گئی تھی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے ملزمان پر درج ایف آئی آر میں سے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی 7 اے ٹی اے دفعات ختم کر کے اس کیس کو سیشن کورٹ میں بھجوایا جائے۔ ملزمان کی اس درخواست پر دونوں طرف سے دلائل جاری ہیں مزید بحث 8 اگست کو ہو گی۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں مستغیث جواد حامد، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہمارا موقف ہے کہ جس کیس میں 14 شہریوں کو دن دیہاڑے گولیاں مار کر قتل کر دیا جائے اور درجنوں افراد کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا جائے وہ دہشتگردی کا ایک بدترین واقعہ ہے اور 7 اے ٹی اے کی دفعات پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی تحقیقات کےلئے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے روبرو تشکیل پانیوالی دوسری جے آئی ٹی کے سٹے آرڈر سے متعلق ایک اپیل لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اس اپیل پر فل بنچ 9 ستمبر کو سماعت کرے گا۔
تبصرہ