حکومت ضرور بدلی مگر انصاف کے پیمانے نہیں بدلے: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جو جتنی کوشش کریگا ہمارا اتنا
مضبوط حلیف ہو گا
حکومت چینی، آٹا، پٹرول مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (9 جون 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت ضرور بدلی مگر انصاف کے پیمانے نہیں بدلے، چھ سال کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف ملا اور نہ ہی ماڈل ٹاؤن کے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والے اسیران کو رہائی ملی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے جو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ جتنا کھڑا ہو گا مستقبل کی انتخابی سیاست میں وہ ہمارا اتنا ہی مضبوط حلیف ہو گا۔ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی چھٹی برسی آرہی ہے، ماضی میں انصاف کے لئے اظہار یکجہتی کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو خط لکھ کر انصاف کی فراہمی میں مدد دینے کے وعدے یاد کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک مہینے کے اندر اندر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے وعدے کرنے والے اہم سیاستدان بڑے بڑے عہدے ملنے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کرنا بھی بھول گئے۔ وہ گزشتہ روز یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے مرکزی رہنماؤں سے آن لائن اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کاانصاف ہمارے ایمان کا معاملہ ہے، نہ ہم پیچھے ہٹے نہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں انصاف مانگنے سے روک سکتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو غیرضروری التواء اور روایتی ہتھکنڈوں کا سامنا ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی درخواست اور سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی دوسری غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دینا ریاست اور انصاف کے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہم چھ سال سے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں تاہم انصاف دینا عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
تبصرہ