زکوٰۃ کی تقسیم کا موجودہ فرسودہ نظام بدلا جائے: خرم نواز گنڈاپور
حکومت ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طرف سے پیش کردہ ماڈل پر غور
کرے
زکوٰۃ کی رقم سمیڈا سے ملکر بیروزگاروں کو کاروباری اشیاء خرید کر دینے پر خرچ کی جائے
پانچ، دس ہزار مالی مدد دینے سے کبھی غربت ختم نہیں ہو گی: فیاض وڑائچ، بشارت جسپال،
نوراللہ صدیقی
زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے وسائل اور استعمال کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے، مطالبہ
لاہور (16 مئی 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ زکوٰۃکی تقسیم کا موجودہ فرسودہ نظام بدلا جائے، معزز ججز اور آڈٹ کے ادارے زکوٰۃ کی تقسیم پر سنجیدہ سوال اٹھارہے ہیں، مقتدر سیاسی جماعتیں اپنے بیروزگار کارکنوں کو زکوٰۃ کے وسائل سے پالتی ہیں، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے زکوۃ کے وسائل سے بیروزگار افراد کو کاروباری اشیاء خرید کر دینے کا جو ماڈل دیا ہے، حکومت اس پر سنجیدہ غور کرے۔ زکوٰۃ کے موجودہ نظام کو تبدیل نہ کیا گیا تو ہرسال 7 ارب کی سرکاری زکوٰۃ اور نجی شعبہ کی طرف سے تقسیم ہونے والے ایک ہزار ارب روپے کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے زکوٰۃ کی تقسیم کا جو نیا ماڈل پیش کیا ہے اس پر عمل کرنے سے پانچ سالوں میں یقینی طور پر ڈیڑھ کروڑ افراد کو برسرروزگار لایا جا سکتا ہے یعنی پانچ سال بعدڈیڑھ کروڑ افراد زکوٰۃ لینے کی بجائے زکوٰۃ دینے والوں کی فہرست میں شامل ہو جائینگے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے ماڈل کے مطابق حکومت زکوٰۃ کے وسائل سے سمیڈا کے ذریعے بیروزگاروں کو تربیت اور کاروباری اشیاء خرید کر دے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران چودھری فیاض وڑائچ، بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ زکوۃ کی تقسیم کے موجودہ نظام نے صرف بھکاری پیدا کیے، پانچ، دس ہزار روپے مالی مدد دینے سے کبھی غربت ختم نہیں ہو گی، ہر دور میں زکوٰۃ کی رقم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوئی، مقتدر سیاسی جماعتیں اپنے بیروزگار کارکنوں کو زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے وسائل سے پالتی ہیں، افسران اور سرکاری ملازم بھی زکوٰۃ کے وسائل کو شیر مادر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے وسائل اور ان کے استعمال کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے اورقوم کو بتایا جائے کہ ان خطیر وسائل کو کیسے استعمال کیا گیا اور اس کا کیا نتیجہ برآمد ہوا؟ رہنماؤں نے زکوٰۃ کا نیا قابل عمل ماڈل پیش کرنے پر صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی۔
تبصرہ