کسان انسانیت کے محافظ اور صفت ربوبیت کا پرتو ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کھیت آباد رہے تو کوئی بھوک سے نہیں مرے گا: خرم نواز گنڈاپور
کسان اور زراعت کو ہر چیز پر ترجیح دی جائے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
آج اناج کی پیداوار کے سوا ہر پیداوار بند ہے
کسان کو دیوار سے لگانے والا صنعتکار خود دیوار سے لگ گیا
کسانوں سے ظلم کرنے والے اللہ سے معافی مانگیں
آج انسانیت کی آخری امید سائنسدان، ڈاکٹر نہیں کسان ہیں
لاہور(27اپریل 2020 ء)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کسان اور زراعت کو ہر چیز پر ترجیح دی جائے، اناج میں خود کفیل ملک ہی وباؤں اور بحرانوں سے بچیں گے، آج کھیت کے سوا ہر چیز ویران ہے اور اناج کی پیداوار کے سوا ہر پیداوار بند ہے، ٹیکنالوجی کے بغیر پیداوار میں کمی تو ہو سکتی ہے مگر پیداوار ختم نہیں ہو سکتی، کسان انسانیت کے محافظ اور صفت ربوبیت کا پرتو ہیں، کھیت آباد رہے تو کوئی بھوک سے نہیں مرے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کسانوں سے ظلم کرنے والے اللہ سے معافی مانگیں، آج انسانیت کی آخری امید سائنسدان، ڈاکٹر، انجینئر نہیں بلکہ کسان ہیں، گندم کی حالیہ فصل میں کسانوں سے سرکاری امدادی قیمت پر حقیقی معنوں میں گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے اور انہیں اگلی فصل کے لیے بلاسود قرضے دئیے جائیں، انہوں نے کہا کہ حکمران اور پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے ذمہ داران کورونا وائرس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہونے پر سبق حاصل کریں اور کسان سے مزید ظلم وزیادتی بند کر دیں، کسان کو دیوار سے لگانے والا صنعتکار اور مل مالک آج خود دیوار سے لگا ہوا ہے اور حکومت کے ریونیو ٹارگٹس آسمان سے زمین پر آگرے ہیں، اگر آج زراعت کو اس کا جائز مقام ملا ہوتا تو معاشی حوالے سے پاکستان کا بال بھی بیکا نہ ہوتا اور خوراک کے حصول کیلئے سپرپاوریں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہوتیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت انسانیت سسک رہی ہے، بھوک بڑھ رہی ہے لیکن آج بھی کسان کی محنت کی وجہ سے گندم دستیاب ہے اور یہی گندم انسانی جان بچارہی ہے۔
تبصرہ