سٹیٹ بینک کی طرف سے سستے قرضوں کے اجراء کا فیصلہ قابل تحسین ہے: خرم نواز گنڈاپور
جتنی جلدی کارباری طبقہ پاؤں پر کھڑا ہو گا معاشی بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے گفتگو
لاہور (23 اپریل 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے کاروباری طبقہ اور صنعتکاروں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ کاروباری برادری ہی ملکی معیشت کو دوبارہ ٹریک پر چڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی کاروباری طبقہ کے ساتھ ساتھ زرعی شعبہ کو بھی اس پیکیج میں شامل کیا جائے۔ صنعت اور زراعت کے استحکام سے ملکی معیشت پاؤں پر کھڑا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں الطاف رندھاوا، حاجی محمد اسحاق و دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کاروباری طبقہ کی مالی مدد کیلئے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کو خط بھی لکھاتھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا بیروزگاری کو کم نہیں کر سکتی، اس کے لیے نجی شعبہ کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ سٹیٹ بنک نے ٹیکس گزار کاروباری طبقہ کو خصوصی ریلیف دینے کی حکمت عملی وضع کی ہے۔
تبصرہ