امریکہ طالبان امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہیں: پاکستان عوامی تحریک
پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن اور ترقی کےلئے افغان عوام
کی حمایت کی: خرم نواز گنڈاپور
بھارت سپر پاور روس کے بعد سپر پاور امریکہ کے انجام سے سبق حاصل کرے
پاکستان، ایران، چین اور روس ملکر افغانستان کو حقیقی امن کا گہوارہ بنائیں:سیکرٹری
جنرل پی اے ٹی
لاہور (یکم مارچ 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے خطہ کے تمام ممالک نیک نیتی کے ساتھ اس امن معاہدہ کو کامیاب بنائیں گے۔ دنیا نے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطہ میں امن چاہتا ہے۔ جنگ کرنے کے خبط میں مبتلا بھارت سپر پاور روس کے بعد سپر پاور امریکہ کے افغانستان میں انجام اور اختتام سے سبق حاصل کرے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ اب محض طاقت کے زعم میں کسی کی آزادی کو سلب کرنا ناممکنات میں سے ہے۔ پاکستان، ایران، چین اور روس ملکر افغانستان کو حقیقی امن کا گہوارہ بنائیں ہر قسم کی پراکسی وار ختم ہونی چاہیئے، افغانستان میں پائیدار امن کے معاشی ثمرات خطہ کا ہر ملک سمیٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن، مستحکم، خوشحال افغانستان چاہتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن اور ترقی کےلئے افغان عوام کی حمایت کی ہے۔ دوحہ قطر میں ہونیوالے امن معاہدے نے پاکستانی موقف کی توثیق کر دی کہ افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔
امریکہ اور طالبان کے مابین اہم اور تاریخی معاہدے میں پاکستان نے بنیادی اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کی محنت اور قربانیاں رنگ لائیں اور اب افغانیوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام نے گزشتہ دور میں بہت زیادہ جانی اور علاقائی نقصان برداشت کئے تا ہم امید کی جا سکتی ہے کہ امریکہ اور طالبان معاہدہ خطے میں دہشتگردی اور کشیدگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریگا۔ امن معاہدے میں پاکستان نے ایک امن پسند اور ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا۔
تبصرہ