انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا کا عوامی تحریک کے 17کارکنان کو باعزت بری کرنے کا حکم
کارکنان کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تناظر میں مقدمات بنے تھے
بقیہ کارکنان کے لیے بھی انصاف کے منتظر ہیں: سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور
لاہور (25 فروری 2020ء) انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا نے عوامی تحریک کے 17کارکنان کو باعزت بری کرنے کا حکم سنایا ہے۔ مذکورہ کارکنان کے خلاف 2014ء میں مقدمات قائم کیے گئے تھے جس کا نمبر 244 تھا۔ گزشتہ روز جرم ثابت نہ ہونے پر اے ٹی سی سرگودھا نے 17 کارکنان کو باعزت بری کرنے کا حکم سنایا۔ فیصلہ کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے 17 بے گناہ کارکنوں کو انصاف ملا جس پر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، کارکنان مشکل کی اس گھڑی میں اشرافیہ کے تمام تر مظالم کے باوجود اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور مشن کے ساتھ استقامت کے ساتھ جڑے رہے۔ جس پر انہیں مبارکباد بھی پیش کرتے ہیں اور ان کے صبر و ہمت کو سلام کرتے ہیں، ظلم و جبر کا جرأت مندی کے ساتھ سامنا کرنے والے کارکنان تحریک کا سرمایہ اور رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے فیصلہ آنے کے بعد اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بقیہ کارکنان کیلئے بھی فیئر ٹرائل اور انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے خلاف ملک بھر میں کارکنان نے صدائے احتجاج بلند کی تھی جس پر پولیس نے اس وقت کے حکمرانوں شریف برادران اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے حکم پردہشتگردی کی دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات قائم کیے تھے اور ان پر توڑ پھوڑ، تشدد کے گمراہ کن الزامات عائد کیے تھے جو جھوٹے ثابت ہو چکے۔
تبصرہ