قانون کی حکمرانی کےلئے وکلاء نے ہر دور میں جدوجہد کی: لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ
ڈاکٹر طاہر القادری نے عوام میں آئین و قانون کا شعور اجاگر کیا:
صدر عوامی لائرز موومنٹ
ظالم کو اسکے ظلم کی سزا نہیں ملے گی تو سوسائٹی میں کبھی امن قائم نہیں ہو گا: انوار
اختر ایڈووکیٹ
جی ایم ملک، حافظ غلام فرید، مظہر علوی، عرفان یوسف، سعود خان ایڈووکیٹ کی عوامی لائرز
موومنٹ کے اجلاس میں شرکت
ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، آصف
سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ کا خطاب
لاہور (21 فروری 2020ء) پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں عوامی لائزر موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کےلئے وکلاء نے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔ وکلاء نے ہمیشہ انصاف اور جمہوریت کے تحفظ کےلئے کردار ادا کیا ہے۔ وکلاء برادری انصاف کے حصول کو آسان اور یقینی بنانے کےلئے آئین کے مطابق جدوجہد کرتی رہے گی۔ پاکستان عوامی لائرز موومنٹ نے سیاسی اور سماجی خدمات میں نئے آنیوالوں کےلئے روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی لائرز موومنٹ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور آئین و قانون کی بالادستی کےلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انصاف، جمہوریت کی بقا اور ملکی استحکام کےلئے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہینگے۔ منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انصاف، آئیں اور جمہوریت کی بالادستی کےلئے بہت قربانیاں دیں ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد آئین اور انصاف کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کےلئے تھی۔ اجلاس میں جی ایم ملک، نائب صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل عوامی لائرز موومنٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر انوار اختر ایڈووکیٹ، صدر پنجاب آصف سلہریا ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری پنجاب سردار غضنفر ایڈووکیٹ، چوہدری اسحاق ایڈووکیٹ، سعود خان ایڈووکیٹ، انزا رسول ایڈووکیٹ، ساجد گوندل ایڈووکیٹ، صدر منہاج القرآن لاہورحافظ غلام فرید سمیت دیگر وکلا رہنما شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کےلئے وکلاء کل بھی جدوجہد کر رہے تھے اور آج بھی حصول انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان قانون کی بالادستی کےلئے حاصل کیا گیا تھا وکلاء برادری ظلم کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کےلئے متحد ہے۔ ظالم کو اسکے ظلم کی سزا نہیں ملے گی تو سوسائٹی میں کبھی امن قائم نہیں ہو گا۔ وکلاء برادری مظلوموں کو انصاف دلوانے کےلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جہاں عدل نہ ہو وہاں قو میں، معاشرے اور ریاستیں تباہ ہو جاتی ہیں۔ وکلاء برادری شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ ہے۔ سانحہ کے ملزمان کیفر کردار تک پہنچنا چاہئیں۔ ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ انصاف کی عدم فراہمی سے محرومی، اشتعال، انتہا پسندی اور پھر دہشتگردی جنم لیتی ہے۔ انصاف کا نظام ٹریک پر لانا ہو گا، اسی سے پاکستان کو ریاست مدینہ کے ماڈل پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔ سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ پوری قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف چاہتی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں جمہوریت، اخلاقیات، انسانیت، شرافت اور صداقت کا قتل عام کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69 ویں ساگرہ کا کیک کاٹا گیا اور انکی صحت و درازی عمر کےلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ