عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کےلئے وعدے نہیں عملی شکل نظر آنی چاہیے: چوہدری افضل گجر
آٹے، دال، چینی، گھی، سبزی، چاول کی قیمتیں کم ہوتی دکھائی دینی چاہئیں
نوجوان نسل میں منشیات کے رجحان کے خاتمے کےلئے حکومت کو اقدامات کرنا ہونگے
منشیات کی لعنت کے خلاف آگاہی کےلئے ادارے اور علاج کےلئے ہسپتال قائم ہونے چاہئیں: صدر عوامی تحریک لاہور
لاہور (20 فروری 2020) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے کےلئے حکومت کو اقدامات کرنا ہونگے۔ نئی نسل کو ذہنی و جسمانی طور پر مفلوج کرنے والی اس لعنت کا تدارک کرنے کےلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے تا کہ معاشرہ منشیات کی لعنت سے پاک ہو سکے۔ منشیات کے مکمل خاتمے کےلئے مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان تمام افراد کی بھی سخت گرفت ہونی چاہیے جو منشیات کا زہر پھیلانے والے عناصر کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاءون میں عوامی تحریک لاہور کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شفاقت مغل، میاں افتخار، ثاقب بھٹی، حاجی فرخ و دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری افضل گجر نے کہاکہ منشیات کا مکروہ دھندا بہت بڑی سماجی برائی ہے جس کا سنجیدگی سے تدارک حکومت اور ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ منشیات استعمال کرنے والوں کے مکمل علاج اور لعنت کے خلاف آگاہی کےلئے ادارے اور ہسپتال قائم ہونے چاہئیں، جہاں ان لوگوں کا علاج ہو سکے اور وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں واپس آ کر ملک و قوم کےلئے ایک مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو بنیادی مشکلات سے نجات دلانے کے جس وعدے پر اقتدار میں آئے وہ وقت بھی آنا چاہیے کہ وہ وعدہ عملی شکل میں عام آدمی کے اعتبار کا حصہ بن جائے۔ عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کےلئے وعدے نہیں عملی شکل نظر آنی چاہیے، لوگوں کی قوت برداشت جواب دیتی جا رہی ہے، ریلیف کے اعلان نہیں اس پر عملدرآمد زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آٹے، دال، چینی، گھی، سبزی، چاول کی قیمتیں کم ہوتی دکھائی دینی چاہئیں۔ مہنگائی کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کےلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
تبصرہ