حمزہ نے باپ کے اقتدار کی چھتری کے نیچے ناجائز جائیدادیں بنائیں : خرم نواز گنڈاپور
ضمانت مسترد ہونے کے بعد شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈری اور پارٹی صدارت چھوڑ دینی چاہیے
شریف خاندان کو کرپٹ نہ سمجھنے والے جرم میں شریک ہیں یا منافق ہیں : سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
غریبوں کی زمینوں پر قبضے کرنے والے قبر کےلئے دو گز زمین کو بھی ترسیں گے
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک محمد صابر خان کو شمالی پنجاب کا جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا
لاہور (18 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثوں کے متعلق کیس میں درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔ ضمانت کا مسترد ہونا ایک طرح جرم کا ثابت ہونا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ حمزہ شہباز کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے لہذا ملزم ضمانت کا حقدار نہیں ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر اور پارٹی صدارت چھوڑ دینی چاہیے، حمزہ شہباز نے ساری لوٹ مار باپ کے اقتدار کی چھتری کے نیچے کی۔ سلطانی گواہان نے اندر کی ساری باتیں بمعہ ثبوت تفتیشی اداروں کو بتا دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ ابھی بھی شریف خاندان کی لوٹ مار اور کرپشن کے حوالے سے ابہام کا شکار ہیں یا تو وہ جرم میں حصہ دار ہیں یا پھر منافق ہیں جو جان بوجھ کرسچ کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف خاندان کے جن افراد نے صرف کاروبار کیا وہ سفید پوش ہیں اور شریف خاندان کے وہ افراد جو اقتدار میں رہے وہ کاروبار نہ کرنے کے باوجود کھرب پتی ہیں، دنیا کے ہر ملک میں ان کے محلات اور جائیدادیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آل شریف نے غریب عوام نے خون پسینے کی کمائی لوٹی ہے نہ وہ اس دنیا میں چین سے جی سکیں گے اور نہ آخرت میں۔ انہوں نے کہاکہ تین بار وزیر اعظم رہنے والاشخص بمعہ اہل و عیال آج منہ چھپاتا پھرتا ہے یہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کی آہ لگی ہے۔ پاکستان میں غریبوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے کرنے والے قبر کےلئے دو گز زمین کو بھی ترسیں گے۔
دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے محمد صابر خان کو پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے محمد صابر خان کو مبارکباد د ی ہے۔
تبصرہ