پنجاب کا جرائم میں سرفہرست آنا باعث تشویش ہے: عوامی تحریک پنجاب
اقتصادی اور معاشی ترقی کے لئے مثالی لا اینڈ آرڈر پہلی شرط ہے: بشارت جسپال، فیاض وڑائچ
موجودہ نظام میں جرائم پر قابو پانے کا خواب خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے: قاضی شفیق
لاہور (7 فروری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق الرحمان نے اپنے مشترکہ بیان میں جرائم کی فہرست میں صوبہ پنجاب کا نمبر ون صوبہ قرار پانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی اور معاشی ترقی کےلئے مثالی لا اینڈ آرڈر پہلی شرط ہے۔ بشارت جسپال نے کہا ہے کہ پنجاب جرائم کے اعتبار سے نمبر ون صوبہ قرار پانا کوئی پہلا موقع نہیں ہے۔ شہباز شریف کے دس سالہ دور حکومت میں پنجاب جرائم کے حوالے سے ہمیشہ سر فہرست صوبہ رہا ہے۔ موجودہ دور حکومت میں بھی یہ ٹائٹل اسی طرح برقرار ہے تو پھر عوام سوال کرتے ہیں کہ تبدیلی کے ثمرات کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام اور موجودہ پولیس کے ساتھ پنجاب میں جرائم پر قابو پانے کے خواب دیکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہو گا، جو پولیس سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے اندوہناک واقعات میں ملوث رہی ہے اس سے مثالی امن و امان کی توقع رکھنا تلوار سے زخم بھرنے کی توقع کرنا ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ پورے صوبے میں سٹریٹ کرائمز اور جرائم پیشہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ قومی اسمبلی میں جو سرکاری اعداد و شمار پیش کئے گئے جرائم کی فہرست ان سے بھی کہیں زیادہ طویل ہے۔ حکومت کولاء اینڈ آرڈر کی بہتری پر توجہ دینا ہو گی۔ قاضی شفیق الرحمان نے کہا کہ پولیس میں سفارشی کلچر جوں کا توں ہے جبکہ جب تک پورے نظام کی اصلاح نہیں ہوگی حالات کبھی نہیں بدلیں گے۔
تبصرہ