کشمیری عوام عالم اسلام سمیت اقوا م متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کشمیری عوام کے ساتھ ہونیوالے مظالم پر ہمارے دل خون کے آنسو رو
رہے ہیں: قاضی شفیق
تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے: میاں ریحان مقبول
مسئلہ کشمیر احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں سے حل نہیں ہو گا: میاں عبد القادر، سیف
اللہ سدوزئی
پاکستان عوامی تحریک کی جلو موڑ سے شالا مار چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی، سینکڑوں
افراد کی شرکت
70 سال سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا انتظار کر رہے ہیں:
عارف چوہدری، چوہدری افضل گجر
80 لاکھ کشمیری آج ساری دنیا سے سلامتی کونسل میں دئیے گئے حق خودارادیت کا مطالبہ
کر رہے ہیں : ریلیوں سے مقررین کا خطاب
لاہور (5 فروری2020) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاؤالدین، سکھر، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ڈی جی خان، خانیوال، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت 75 سے زائد شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیوں میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم کشمیری قوم ہے۔ 185 دن گزرنے کے بعد بھی کشمیری عوا م کے ساتھ ہونیوالے مظالم میں کمی نہیں آئی۔ کشمیری عوام عالم اسلام سمیت اقوا م متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، آج 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سڑکوں پر ہے۔
راولپنڈی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی اے ٹی شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہاکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہونیوالے مظالم پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں لیکن یہ بات مسلمہ ہے کہ کشمیرکی آزادی کےلئے صرف قانونی، سیاسی، اخلاقی چارہ جوئی کی گئی۔ عالمی قوانین کا احترام کرنے والے کشمیریوں نے لاکھوں جانیں دینے کے باوجود کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔
شیخو پورہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہاکہ گھمبیر سے گھمبیر مسائل کا حل بھی مذاکرات ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی بھارت کا پرخلوص ہونا شرط ہے۔ جب تک بھارت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہوتا، اسوقت تک مسئلہ کشمیر مسئلہ ہی رہے گا۔ تحریک آزادی کشمیر پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے ہمسایہ والے تعلقات قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
فیصل آباد سے نکالی گئی ریلی سے آرگنائزر پی اے ٹی پنجاب میاں عبدالقادر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا بلکہ اس کے حل کے لیے ہمیں وطن عزیز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اس کمال پر پہنچانا ہوگا، جہاں ہر کوئی ہماری بات سنے اور اسے اہمیت دے۔
ڈی جی خان سے نکالی گئی ریلی کی قیادت جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب سیف اللہ سدوزئی نے کی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کے ہر بچے، جوان، بوڑھے کے خون میں دوڑتا ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
خانیوال میں نکالی گئی ریلی کی قیادت نائب صدر جنوبی پنجاب نور احمد نے کی، چشتیاں سے نکالی گئی ریلی کی قیادت اللہ رکھا سیاف نے کی۔
لاہور میں جلو موڑ سے شالا مار چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم، آزاد کشمیر کا پرچم اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ عوامی تحریک کی ریلی جلو موڑ سے شالا مار چوک تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر عارف چوہدری، صدر لاہور چوہدری افضل گجر، صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، جنرل سیکر ٹری پی اے ٹی لاہور شفاقت مغل نے کی۔ ریلی میں شریک افراد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عارف چوہدری نے کہا کہ7 دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ 70 سال سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا انتظار کر رہے ہیں۔ 80 لاکھ کشمیری جن پر دنیا تک آواز پہنچانے کے تمام دروازے 185 دن سے مکمل بند ہیں آج وہ ساری دنیا سے سلامتی کونسل میں دئے گئے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
صدر لاہور چوہدری افضل گجر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر فقط احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا، بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط قانونی موقف اٹھانے سے حل ہو گا۔ ریلی کے شرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’لے کے رہیں گے آزادی‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے یوم کشمیر منا کر ان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں اس دن کے نسبت سے ہونے والے سیمینارز، کانفرنسز، ریلیاں اور ورکشاپس عالمی برادری کو پیغام دیتی ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق ابھی تک نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کو سائنس و تکنیکی علوم میں دسترس حاصل کرکے اس مملکت خدا داد کو سنوارنا ہوگا۔ ریلی سے راجہ ندیم، ثاقب بھٹی و دیگر رہنماءوں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ