عوامی تحریک جلو موڑ سے شالا مار چوک تک یوم یکجہتی کشمیر پر ریلی نکالے گی
ملک کے تمام شہروں میں پر امن ریلیاں نکالی جائینگی، جلسے،
جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائینگے
کشمیریوں کو جدوجہدِ آزادی کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر فراہم کرتا ہے: عارف چوہدری
نہتے کشمیری اپنے حق خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے
ساتھ دھڑکتے ہیں
کشمیر پاکستان کی شہ رگ، کشمیر کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے اسی میں پاکستان کی
بقا ہے: مرکزی کوآرڈینیٹر
لاہور (4 فروری2020) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام لاہور میں جلو موڑ سے شالا مار چوک تک یوم یکجہتی کشمیر پر ریلی نکالی جائیگی۔ 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پر امن جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائینگے۔ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن آزادی کے عزم اور جوش و خروش سے منائے گی۔
لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاءوالدین، سکھر، حافظ آباد، ناروال، سیالکوٹ، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی جائینگی۔ ان ریلیوں اور کانفرنسز میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، کارکنان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی۔ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں یوم یکجہتی کشمیر پر اظہار یکجہتی کےلئے پر امن ریلیاں، جلسے اور کانفرنسز منعقد کی جائینگی۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک عارف چوہدری نے ماڈل ٹاءون میں منعقدہ اجلاس میں موجود عہدیدران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری 70سالوں سے آزادی اور اپنے حق خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی فوج7 دہائیوں سے جنت نظیر کشمیر پر مسلط ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اس کےلئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈ ل ٹاؤن میں یوم یکجہتی کشمیر کے دن دعائیہ تقریب منعقد کی جائیگی۔ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد دلائیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں میں بچے، بوڑھے، نوجوان سب ہاتھوں میں پاکستانی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر ینگے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے پوری ریاست جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ سوا کروڑ کشمیری محاصرے میں ہیں، جو دنیا کا طویل ترین محاصرہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ’’آزادی‘‘ کے خواب سے اپنی شبِ تاریک کو سحر کیا ہوا ہے۔ کشمیریوں کو جدوجہدِ آزادی کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر فراہم کرتا ہے۔
تبصرہ