ورثاء ملزمان کی سزاؤں کے منتظر، انہیں ترقیاں مل رہی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم سب انسپکٹر علی احمد کو دوران ٹرائل انسپکٹر
کے عہدے پر ترقی دیدی گئی
افسران سمجھتے ہیں طاقتور کے ایماء پر کیے جانے والے جرم کی کوئی گرفت نہیں کر سکتا
لاہور (24 جنوری 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم سب انسپکٹر علی احمد کو دوران ٹرائل انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے، علی احمد قتل عام کا نامزد ملزم ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء ملزمان کی سزاؤں کے منتظر ہیں لیکن انہیں ترقیاں مل رہی ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ ترقی کسی عدالت نے نہیں پنجاب حکومت نے دی ہے، ہمیں بتایا جاتا ہے کہ سانحہ کے تمام ملزم او ایس ڈی ہیں انہیں کوئی فیلڈ ڈیوٹی نہیں دی گئی لیکن گزشتہ روز علی احمد سب انسپکٹر نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں درخواست دی کہ انہیں محکمانہ ترقی ملی ہے اور انہوں نے سرگودھا میں بطور انسپکٹر جوائننگ دینی ہے، انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب سنگین جرائم کے ملزمان کو سزا ملنے کی بجائے انعامات ملیں گے تو پھر جرم کم ہونے کی بجائے بڑھتا ہی رہے گا، ملزمان کی ترقیوں کی خبروں سے انصاف کے منتظر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے زخموں پر نمک چھڑکا جارہا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا جو سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں بطور ملزم طلب بھی کیے گئے ہیں انہیں بھی سابق شریف حکمرانوں نے پہلے مشیر اور پھر وفاقی محتسب ٹیکس کے عہدے پر ترقی دے کر تابعداری کا صلہ دیا۔ باقی ملزم پولیس افسران کو بھی اہم عہدوں اور ترقیوں سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قانون شکن اور جرائم پیشہ افسران سمجھتے ہیں کہ طاقتور کے ایماء پر کیے جانے والے جرم پر کوئی گرفت نہیں کرسکتا۔
تبصرہ