انصاف کے بول بالا سے غریب کا احساس محرومی کم ہو گا: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں کارکن ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل و رہنماؤں کی اسیر عبدالحمد کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور (9 جنوری 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے اسیر عبدالحمید کے والد کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بخشش کے لیے دعا کی ہے، انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
دریں اثناء خرم نواز گنڈاپور نے اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے متعلق اسیران اور انصاف کے طلبگار ورثاء پانچ سال سے زیادتیاں برداشت کررہے ہیں، انہیں اس غیر منصفانہ نظام میں انصاف نہیں مل رہا، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ہر کارکن کا یہ عزم ہے کہ ہم مظلوموں کو انصاف دلوا کر ہی دم لیں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت کارکنان کی ایک بڑی تعداد پولیس کے درج کیے گئے جھوٹے مقدمات کے باعث جیلوں میں بند ہے اور ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے، ہماری عدلیہ سے استدعا ہے کہ وہ بے گناہ کارکنان کی رہائی کے احکامات دے۔ اس حوالے سے اپیلیں متعلقہ عدالتی فورمز پر زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسیران کو انصاف ملنے سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بڑھے گا اور غریب کے احساس محرومی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی سمجھتا ہے کہ انصاف صرف پیسے والے اور طاقتور کو ملتا ہے، اس تاثر کو انصاف کے بول بالا کے ذریعے عدلیہ دور کر سکتی ہے۔ ہر غریب آدمی جو کسی نہ کسی طاقتور کے ظلم کا شکار ہے وہ انصاف کے لیے صرف عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مستغیث جواد حامد، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے اسیر عبدالحمید کے والد کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی بخشش کے لیے دعا کی ہے۔
تبصرہ