عوامی تحریک سنٹرل پنجا ب کا اجلاس، بلدیاتی انتخابی مہم شروع
پاکستان عوامی تحریک ہر ویلج کونسل میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی
بااختیار بلدیاتی اداروں اور بااختیار عوام کے سیاسی فلسفے پر یقین رکھتے ہے: عارف
چوہدری
عوام بلدیاتی اداروں میں ایسے امیدواروں کا چناؤ کریں جو محرومیوں کا ازالہ کر سکیں:
میاں ریحان مقبول
بلدیاتی انتخابی مہم بھرپور اور موثر انداز میں چلانے کےلئے جلد کمیٹیاں تشکیل دیں
گے: سنٹرل پنجاب کے اجلاس سے خطاب
لاہور (23 نومبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک نے لاہور سمیت پنجاب میں بلدیاتی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا، عوامی تحریک ہر ویلج کونسل میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، علاقائی ترقی کےلئے بلدیاتی اداروں کو انتظامی اختیارات اور وسائل دینا ہونگے۔ پاکستان عوامی تحریک بااختیار بلدیاتی اداروں اور بااختیار عوام کے سیاسی فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔ فعال بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوری نظام کی تشکیل کسی طور پر ممکن نہیں ہو سکتی۔ عوامی تحریک کے عہدیداران و کارکنان بلدیاتی انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیں۔ عوامی رابطہ مہم اور ممبر شپ مہم میں تیزی لائیں۔ یونین کونسل سے لے کر پی پی سطح تک رکنیت سازی مہم اور رابطہ مہم شروع کی جائے۔ پی اے ٹی کا سیاسی ویثرن ہر گھر تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی تحریک کے صوبائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، قاری مظہر فرید، میاں عبد القادر، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل و دیگر رہنما موجود تھے۔
عارف چوہدری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک ایک نظریاتی،انقلابی جماعت ہے۔ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے نظام کے خلاف آواز اٹھائی، عملی جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے مگر اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ظلم کے خلاف ڈٹے ہیں ڈٹے رہیں گے اور نظا م کی تبدیلی کےلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے نظام کی تبدیلی، کرپشن کے خاتمے اور آئین و قانون کی حکمرانی کےلئے طویل ترین عملی جدوجہد کی ہے۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی پیش آیا۔ 5 سالوں سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کےلئے پر امن قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی اداروں میں ایسے امیدوار منتخب کرکے بھیجیں جو محرومیوں کا ازالہ کرنے کے جذبے سے سرشار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابی مہم بھرپور اور موثر انداز میں چلانے کےلئے جلد کمیٹیاں تشکیل دیں گے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آج مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کونسل کے ممبران شرکت کریں گے،بلدیاتی انتخابات، ممبر سازی مہم اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائینگے۔
تبصرہ