107 کارکنوں کو پولیس نے ناحق جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا: عوامی تحریک
26 ستمبر کو بےگناہ کارکنوں کا مقدمہ لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججز کے سامنے پیش کرینگے
5 سال گزر گئے انصاف نہیں ملا مظلوموں کوانصاف دئیے بغیر پاکستان ریاست مدینہ نہیں بن سکے گا
موجودہ حکومت میں بھی پولیس رویے میں کوئی تبدیلی دیکھنے نہیں آئی: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (23 ستمبر 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے 107 کارکنوں کو پولیس نے ناحق جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا اور جھوٹی شہادتیں پیش کرکے سزائیں دلوائیں ۔ 26ستمبر کو بے گناہ کارکنوں کا مقدمہ لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججز کے سامنے پیش کرینگے اور بےگناہوں کو انصاف دلوائیں گے۔ منہاج القرآن کے 107 کارکنان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالے ظلم کے خلاف پر امن احتجاج کرنے پر اس وقت کے حکمرانوں کے کہنے پر جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا۔
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نے اپنے بیان میں کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد بھی پولیس رویے میں کوئی تبدیلی دیکھنے نہیں آئی، لوگ آج بھی ناانصافی کا شکار ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم آئین و قانون اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اسی لیے 5 سال سے عدالتوں سے ہی انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے جمعہ اور ہفتہ کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں استغاثہ کیس کی سماعت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولیس والوں کو ان کے مظالم اور معصوم لوگوں کے قتل عام پر سزائیں مل گئی ہوتیں تو آج بےگناہ شہریوں پر مزید ظلم نہ ڈھائے جاتے۔ پولیس عام شہریوں پر آج بھی ظلم کر رہی ہے جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کی گورننس اورنیک نامی پر حرف آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مظلوموں کو انصاف نہیں ملتا تو پھر مایوسی جنم لیتی ہے مظلوموں کو انصاف دیا جائے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف چاہتے ہیں جو ذمہ دار ہیں انہیں سزا دی جائے۔ 5 سال گزر گئے شہدا کے ورثا کو انصاف نہیں ملا، مظلوموں کو انصاف دئیے بغیر پاکستان ریاست مدینہ نہیں بن سکے گا۔ شہدا ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دینا موجودہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
تبصرہ