رواں ہفتہ کور کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی: نوراللہ صدیقی
ڈاکٹر طاہرالقادری ایک نظریہ کا نام ہیں، ان کی فکری نظریاتی رہنمائی میسر رہے گی
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر کارکن غمزدہ، تاہم انکے موقف سے متفق ہیں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (15 ستمبر 2019) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے کارکن غمزدہ ہیں تاہم اس حوالے سے ایک سال تک جاری رہنے والی مشاورت میں ان کی طرف سے سامنے آنے والے موقف سے مطمئن ہیں، پاکستان عوامی تحریک کا ملک بھر میں مضبوط اور فعال تنظیمی ڈھانچہ ہے، آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے رواں ہفتہ کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کریں گے، عوامی تحریک سیاست برائے ریاست کے نعرے کے ساتھ سیاسی میدان میں موجود ہے، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے، تنظیم سازی اور رکنیت سازی مہم میں تیزی لائیں گے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، عوامی تحریک کا نظام کی تبدیلی اور جامع ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے بھرپور عوامی کردار ہے، پارلیمنٹ کا حصہ بنے بغیر احتساب، الیکٹورل ریفارمز، جوڈیشل ریفارمز اور تعلیم، صحت کے شعبہ جات میں انقلابی تبدیلیوں کے لئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جو سوچ دی اسے لیکر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک سوچ اور نظریہ کا نام ہے ایسی شخصیات عہدوں کی مرہون منت نہیں ہوتیں، ان کی نظریاتی فکری رہنمائی میسر رہے گی۔ عوامی تحریک کی نظام کی اصلاح اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔
تبصرہ