حکومت بلاتاخیر اقوام متحدہ، او آئی سی سے مل کر کشمیری عوام کا محاصرہ ختم کروائے: صاحبزادہ انوار اختر ایڈووکیٹ
لاہور (20 اگست 2019ء) عوامی لائرز موومنٹ پاکستان کی انٹرنیشنل کمیٹی آن لیگل افیئر کشمیر کے چیئرمین صاحبزادہ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام مسلسل محاصرہ میں ہیں، کشمیری عوام خوراک، ادویات اور پانی کے سنگین بحران میں مبتلا ہیں۔ اس وقت مقبوضہ وادی کا پوری دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔ حکومت پاکستان، او آئی سی اور سلامتی کونسل سے ملکر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا محاصرہ ختم کروائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے لیگل فورمز اور سلامتی کونسل نے مزید تاخیر کی تو ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، او آئی سی اور سلامتی کونسل بلاتاخیر کشمیری عوام کا فوجی محاصرہ ختم کروانے کے لیے ہنگامی اقدامات بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا 2 ہفتے گزر جانے کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا محاصرہ ختم نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کشمیری عوام کے ساتھ صرف اظہار یکجہتی تک محدود رہنے کا نہیں بلکہ ان کا محاصرہ ختم کروانے کا ہے۔
لیگل کمیٹی آن کشمیر افیئرکے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اقوام متحدہ، اسلامی سربراہی کانفرنس اور حقوق انسانی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں سے رابطہ کر کے کشمیری عوام کا محاصرہ ختم کروائے اور ان کے تسلیم شدہ شہری حقوق بحال کروائے۔
تبصرہ