پاکستان عوامی تحریک کا بارشوں میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
حکومت سیلاب جیسی قدرتی آفت سے نمٹنے کےلئے تمام وسائل برءوے کار لائے: خرم نواز گنڈا پور
طیارہ حادثے میں شہید ہونیوالے جوانوں اور سویلین کی درجات کی بلندی کےلئے دعا کرتے ہیں : سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (30 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پورنے کراچی، حیدر آباد سمیت پورے ملک میں بارشوں سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران بجلی کی ٹوٹی ہوئی تاروں سے کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہلاکتوں اور دیگر حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، حکومت سیلاب جیسی قدرتی آفت سے نمٹنے کےلئے تمام وسائل برءوے کار لائے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریوں کے مقابلے اور بے گھر لوگوں کی بحالی کےلئے فوری منصوبہ بندی کرے۔ متاثرین کےلئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں، تمام محکموں کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں، جن لوگوں کے گھر بارشوں کی وجہ سے مسمار ہو گئے ہیں وفاقی و صوبائی حکومتیں انکی مالی مدد کریں۔ اپنے بیان میں خرم نواز گنڈاپورنے کہا کہ حکومت بجلی کی ٹرانسمیشن لائنزکی فوری اور مناسب مرمت کرے اور اس حوالے سے ایسے اقدامات کئے جائیں کہ برسات کے دوران کسی کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ندی، نالوں اور دریاءوں کے قریب آبادی کو محفوظ بنانے کےلئے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ برساتی نالوں کی صفائی اور انکے اردگرد تجاوزات کے خاتمے کی طرف توجہ دینی ہوگی۔ نالوں کا پانی برسات میں گلیوں اور محلوں میں تباہی پھیلا دیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو خشک سالی اور آئندہ نسلوں کو پانی مہیا کرنے کےلئے ایمرجنسی طور پر نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنا ہونگے۔ خرم نواز گنڈاپور نے پاک فوج کے تربیتی طیارہ کے حادثے میں شہید ہونیوالے جوانوں اور سویلین افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی۔
تبصرہ