جن نکالنے کی دھمکیاں دینے والے رانا ثناء اللہ کے اپنے جن نکل گئے: نوراللہ صدیقی
کل تک جو زمین پر خدا بنے ہوئے تھے آج ان کی صرف ایک خواہش ہے گھر کا کھانا: مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (23 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے قائدین کو ”جن نکالنے“ کی دھمکیاں دینے والے رانا ثنا اللہ کے دو ہفتے کی جیل نے جن نکال دیئے، ڈاکٹر طاہرالقادری کو عبرتناک انجام کی دھمکیاں دینے والے سنگین چارجز کے تحت جیلوں میں بند ہیں، جو ڈاکٹر طاہرالقادری پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کے منصوبے بناتے تھے آج ان پر پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے، حالیہ سزائیں اشرافیہ کی آزمائش نہیں قدرت کی گرفت ہے، یہ لوگ ایک سال پہلے زمین پر خدا بنے ہوئے تھے آج ان کی سب سے بڑی خواہش جیل میں گھر کا کھانا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ قانون قدرت ہے ظالموں کو صرف ڈھیل ملتی ہے اور پھر ان کی رسی کھینچ لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہایا، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا، یہ مظلوموں کی آہیں ہیں جو آسمان تک گئیں اور آج یہ سارے نشان عبرت بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ابھی باقی ہے۔
تبصرہ