پرامن انتخابات قبائلی عوام کے جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت ہیں: عوامی تحریک کور کمیٹی
دیگر اضلاع کے ووٹرزقبائلی عوام کی پختہ جمہوری روایات سے
سیکھیں:خرم نواز گنڈاپور
خواتین نے بھی ووٹ کاسٹ کرکے آئینی حق استعمال کیا:
نوراللہ صدیقی، بشارت جسپال
کور کمیٹی کے ممبران کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ
میں مذمت
لاہور(21 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے قبائلی اضلاع میں جمہوری عمل کے آغاز اور پرامن انتخابات کو پاکستان کے جمہوری مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جمہوری عمل کے آغاز اور اسمبلی میں براہ راست نمائندگی سے قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور ریاست کی رٹ قائم ہو گی۔دیگر اضلاع کے ووٹرزقبائلی عوام کی پختہ جمہوری روایات سے سیکھیں۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد اور ووٹرز کے ڈسپلن سے ثابت ہوا کہ قبائلی عوام جمہوریت پسند، مہذب اور پرامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ قبائلی اضلاع میں پہلے الیکشن میں خواتین نے بھی حصہ لیا اور ووٹ کاسٹ کرکے اپنا آئینی حق استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ قبائلی عوام نے پاکستان کے استحکام اور دفاع کی جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں اور اب انہوں نے جمہوری عمل میں پرجوش انداز میں حصہ لے کر پاکستان سے اپنی محبت کا والہانہ ثبوت دیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ قبائلی عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ مرکوز کرے اور قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے فنڈز کی کمی کا کوئی بہانہ آڑے نہیں آنا چاہیے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ اور ہسپتال کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ کور کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو پاکستان کا امن ہضم نہیں ہورہا، انہوں نے کہا کہ خودکش دھماکہ کے پس پردہ تمام عناصر اور سہولت کاروں کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
تبصرہ