ملتان کی صحافتی و مذہبی اور سماجی تنظیموں کے 60 رکنی وفد کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے مختلف شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی
ڈاکٹر طاہرالقادری کی امن کے لیے عالمگیر خدمات پر فخر ہے: ڈاکٹر شفقت منیر راؤ صدر جے ڈی ایچ آر
لاہور (29اپریل 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کی ضرورت ہے، تمام مکتب فکر اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان امن سے کھیلنے والے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان سے سیاسی، سماجی، صحافتی، وکلاء اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں پر مشتمل 60 رکنی وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ عارف رضوی کر رہے تھے۔ وفد میں مسیحی اور ہندو کمیونٹی کے افراد اور جرنلسٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن راءٹس کے عہدیدار بھی شامل تھے۔ جے ڈی ایچ آر کے صدر ڈاکٹر شفقت منیر راؤ نے تنظیم کی امن کے لیے بروئے کار لائی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے وفد کو منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی اور قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ امن کے لیے عالمگیر کاوشوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں او آئی سی نے اپنے اجلاس میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن کی عالمی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور اس حوالے سے قرارداد منظور کی ہے۔ نوراللہ صدیقی نے وفد کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، ای لرننگ، آغوش کیئر ہوم، فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ وفد نے گوشہ درود، ای لرننگ اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور منہاج القرآن کے تنظیمی نیٹ ورک اور دینی فلاحی کاموں کی تعریف کی۔ بالخصوص فروغ امن کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کے امن نصاب پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرہ