پشاور میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
سیکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کر کے ملک و قوم کو بڑے نقصان سے بچا یا
ڈاکٹر طاہرالقادری کے فتویٰ نے دہشتگردوں کو پوری دنیا میں فکری اعتبار سے تنہا کر دیا
دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سیکیورٹی فورس کے جوان کی شہادت پر دلی افسوس ہے، علماء سے گفتگو
قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ناگزیر، دنیا پاکستانی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرے: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (16 اپریل 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام کسی ایک بے گناہ کی موت کو پوری انسانیت کی موت قرار دیتا ہے۔ دہشتگردی عالمی وباء بن چکی ہے جس کا کسی مذہب، ملک اور قوم سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ جانی مالی قربانیاں پاکستان نے دیں ہیں۔ پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف پاک آرمی و دیگر سیکیورٹی فورسز کے اداروں کے جوانوں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی اور دہشتگردوں کا خاتمہ کر کے ہی ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف قربانیاں دے کر اور بہادری سے لڑ کر ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ذمے دار قوم ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سیکیورٹی فورس کے جوان کی شہادت افسوسناک ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ذمہ داری کے ساتھ بر وقت کارروائی کر کے ملک و قوم کو ایک بڑے نقصان سے بچا لیا ہے، سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جانیں قربان کر کے قوم کی آزادی اور عزت نفس کو تحفظ دیا، ساری قوم اپنی بہادر فورسز کو مبارکباد پیش کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ رفیق رندھاوا و دیگر علماء موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انسداد دہشتگردی فتویٰ اور فروغ امن نصاب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ دے کر دہشتگردی کو اسلام سے الگ اور دہشتگردوں کو پوری دنیا میں فکری اعتبار سے تنہا کر دیا۔ قائد عوامی تحریک نے دہشتگردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور امن کیلئے فروغ امن نصاب مرتب کر کے دنیاکو امن کا راستہ دکھا دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا فروغ امن نصاب ہر طبقے اور فرد کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دہشتگردوں کے خلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرے، دہشتگردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قیمت پاکستان کے عوام نے چکائی، 60ہزار سے زائد شہادتیں قبول کیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سنجیدگی سے مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا۔
تبصرہ