حمزہ شہباز کا واویلہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا ہے: خرم نواز گنڈاپور
ماڈل ٹاؤن میں شہید کردی جانے والی تنزیلہ اورشازیہ کا کیا قصور تھا؟
لاہور (13 اپریل 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اپنے بیٹیوں کو آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے الزام پر نوٹس ملنے پر شکوہ کرنے والے ماڈل ٹاؤن میں بیٹیوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث ہیں۔ کیا تنزیلہ امجد شہید اور شازیہ مرتضیٰ کسی کی بیٹی نہیں تھی؟ انہوں نے کون سا قصور کیا تھا کہ دن دہاڑے اشرافیہ کے بدمعاشوں نے ان کی جان لے لی۔
حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہماری نظر میں اشرافیہ کے احتساب کے نام پر ڈرامہ ہورہا ہے۔ اس ملک میں جیلیں مرغی چوروں کے لیے بنی ہیں خزانہ لوٹنے والوں کو سہولتیں ملتی ہیں۔ نواز شریف ، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کا ٹھیک طرح احتساب ہوا ہوتا تو ان کے حلق سے آواز بھی نہ نکلتی اور یہ چوبیس گھنٹے کے اندر لوٹی گئی اربوں ڈالر کی قومی دولت قومی خزانے میں جمع کرا دیتے۔ ادارے اشرافیہ کا احتساب نہیں ان کا خیال رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا قومی لٹیروں اور ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ہیرو بناکر پیش نہ کرے اس ملک میں چودہ بے گناہ مقتولین کے قاتلوں کو محض طلب کروانے کے لیے پانچ سال کی قانونی جدوجہد بھی بیکار ہے۔ اور قومی لٹیروں کو پانچ گھنٹے میں انصاف مل جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حمزہ شہبازکا واویلہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا ہے۔
تبصرہ