رقم لے کر مجرم چھوڑے گئے تو یہ مک مکا کی سیاست کا تسلسل ہوگا: خرم نواز گنڈاپور
کرپشن ’’سیٹلمنٹ‘‘ سے نہیں ’’پنشمنٹ‘‘ پالیسی سے ختم ہو گی: خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف بلاول کو ٹرین پر چڑھا کر خود پتلی گلی سے نکل گئے، جمہوریت احتساب سے مضبوط ہو گی
’’مجھے کیوں نکالا ‘‘کی فلم کا نیا نام ’’مجھے فوری نکالو ہے‘‘:سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں کے حلق سے اب کوئی آواز نہیں نکل رہی، گفتگو
ڈاکٹر طاہرالقادری پانچ اپریل کے شوریٰ کے اجلاس میں اہم ایشوز پر مشاورت کرینگے
لاہور (30 مارچ 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ رقم لے کر مجرم چھوڑے گئے تو یہ مک مکا کی سیاست کا تسلسل ہوگا، ’’سیٹلمنٹ‘‘ نہیں ’’پنشمنٹ‘‘ پالیسی سے کرپشن جڑ سے اکھڑے گی، لوٹی گئی رقم کا کچھ حصہ واپس لے کر مجرم چھوڑنے کی منفی روایت ختم ہونی چاہیے، جمہوریت انصاف اور کڑے احتساب سے مضبوط ہو گی، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کی فلم کا نیا نام ’’مجھے فوری نکالو ہے‘‘۔ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں کو کس سانپ نے سونگھ لیا کہ اب ان کے حلق سے کوئی آواز نہیں نکلتی، ہاتھ ملا کر ہاتھ کرنا نواز شریف کی پرانی سیاست ہے، بلاول کو ٹرین پر چڑھا کر خود پتلی گلی سے نکل گئے، جیلوں میں بند ہر غریب بیمار قیدی کو علاج کیلئے ضمانت ملنی چاہیے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں، انصاف کیلئے جس عدالت میں بھی جانا پڑا جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پانچ اپریل کے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم ایشوز پر پارٹی ممبران سے مشاورت کرینگے، اجلاس کی انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ایک ہزار سے زائد مجلس شوریٰ کے ممبران اجلاس میں شریک ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آجاتا ہے جس کا سب سے زیادہ نشانہ یومیہ اجرت والا مزدور اور چھوٹے گریڈ کے سرکاری اہلکار بنتے ہیں، حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے پر توجہ دے۔
تبصرہ