نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کروانا سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے: اعجاز چوہدری
پاکستان بنانے والی قیادت کی وجہ شہرت ان کی سچائی، ایمانداری، قوم سے محبت تھی، رہنما تحریک انصاف
حب الوطنی کے جذبات کو پروان چڑھانے میں 23 مارچ کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے: نور اللہ صدیقی
پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے اسکے بنیادی مقاصد کو پیش نظر رکھنا ہوگا: عارف چوہدری
چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل کا یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب
لاہور (23 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہورکے زیر اہتمام 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں’’ یوم پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کروانا سیاسی و مذہبی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے، پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ارض پر اسلام کے آفاقی و غیر فانی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آنیوالی مملکت خداداد ہے۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم اور کروڑوں پاکستانیوں کی جدوجہد سے وجود میں آیا ہے۔ پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور قائم رہے گا۔
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں موجود سیاسی، مذہبی رہنماؤں نے قومی پر چم اٹھا کر ایک ساتھ ملی ترانہ ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ گایا، شرکاء نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ سنا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ سیاسی قیادت اہل ہو تو ملک خوشحالی و ترقی کے ٹریک پر رہتے ہیں، کرپشن فری پاکستان کیلئے اوپر سے لے کر نیچے تک احتساب ضروری ہے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور تابناک ہے۔ پاکستان بنانے والی قیادت کی وجہ شہرت ان کی سچائی، ایمانداری اور اپنی قوم سے محبت تھی۔ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ اپنے مثالی کردار کے باعث آج دلوں میں زندہ ہیں، ملک کو لوٹنے والے کرپٹ اور چور حکمرانوں سے پوچھا جائے کہ اربوں روپے کہاں سے آئے تو بجائے جواب دینے کے برا مناتے ہیں۔ بے دھڑک جھوٹ بولتے ہیں اور قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ جھوٹ بولنے والے، کرپشن کرنے والی اور ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو قتل کرنیوالے کرپٹ سابق حکمرانوں نے قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو کمزور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کرپٹ، جاہل اور قاتل حکمرانوں کے خلاف مل کر عملی جدوجہد کی۔ تحریک پاکستان میں نوجوانوں نے مرکزی کر دار ادا کیا مگر افسوس کرپٹ سابق حکمرانوں نے اور کرپشن زدہ نظام نے نوجوانوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سوچ اور حب الوطنی کے جذبات کو پروان چڑھانے میں 23 مارچ کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ آئندہ نسلوں کو قیام پاکستان کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے ہم آہنگ کرنے اور مملکت خداداد کو ایک اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تحریک پاکستان اور حصول پاکستان کیلئے دی گئی بے مثال قربانیوں کو یاد رکھا جائے، پاکستان اور آئین پاکستان کو سبو تاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔ قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن، غربت، جہالت، عدم توازن اور انتہا پسندی جنم لیتی ہے اور احتساب کے بغیر قانون کی حکمرانی بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ریاست کے ذمے ایک قرض ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتہائی محنت سے دنیا میں ثابت کیا کہ اسلام ایک امن پسند دین اور ضابطہ حیات ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر عارف چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرپٹ اور ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو قتل کرنیوالے حکمرانوں نے عوام کو غلام اور اپنا خدمت گزار سمجھ رکھا تھا۔ ن لیگی حکمران آئین و قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے رہے، شریف برادران کی سیاست کا مرکز و محور اپنی ذات کو ہر قسم کی قانونی پابندیوں سے آزاد رکھنا ہے۔ ملک میں قانون کی بالادستی کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک کہ خود صاحب اقتدار طبقہ اسکی پابندی نہیں کرتا اور کوئی بھی ریاست اس وقت تک جمہوری کہلانے کی حقدار نہیں جب تک جمہور کی مرضی کو اعلیٰ نہیں سمجھا جاتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہمیں اسکے بنیادی مقاصد کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ عارف چوہدری نے تقریب میں شرکت کرنیوالے جملہ مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، جنرل سیکرٹری شفاقت مغل نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ