ضمانت مسترد کرنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے: خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف نے جس صحت کے ساتھ ملک لوٹا اسی صحت کے ساتھ سزا بھی کاٹیں
خوشی ہے پہلی بار بڑوں کا احتساب ہورہا ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (25 فروری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف فیصلہ کن کردار عدلیہ کا ہے۔ اگر نواز شریف اس صحت کیساتھ ملکی خزانہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ سکتے ہیں تو اسی صحت کے ساتھ سزا کیوں نہیں کاٹ سکتے؟ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے سوچا تھا آخری سانسیں بھی ایوان وزیراعظم ہاؤس میں لیں گے مگر اللہ کو کچھ اور منظور تھا۔ ہمارا یمان ہے کہ شریف خاندان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظالم کی وجہ سے قدرت کی گرفت میں آیا اور نشان عبرت بنا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں پہلی بار مراعات یافتہ بڑوں کا احتساب ہورہا ہے۔ ریاست اپنے ہونے کا ثبوت دے رہی ہے۔ نواز شریف کی طرف سے بے گناہی کی درخواست دینے کی بجائے بیماری کی درخواست دینا کرپشن کے جرم کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اس وقت ختم ہو گی جب جرم کرنے والے بڑوں کو گردن سے پکڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرمان رسول ﷺ ہے کہ تم میں سے پہلے امتیں اس لیے تباہ ہوئیں کہ ان کے بڑے جب کوئی جرم کرتے تو انہیں معاف کر دیا جاتا تھا جب کہ عام آدمی سے وہی جرم سرزد ہوتا تو اسے قانون کے مطابق سزائیں دی جاتی تھیں۔
تبصرہ