عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی مولانا ڈاکٹر محمد اجمل قادری اور سردار عتیق احمد خان سے ملاقات
آئندہ نسلوں کو انتہا پسندی سے بچانا بہت بڑا چیلنج ہے: ڈاکٹر محمد اجمل قادری
ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کے دلوں میں مطالعہ قرآن کا ذوق پیدا کر رہے ہیں: سردار عتیق احمد خان
لاہور (یکم مارچ 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمدخان، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد اجمل قادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، رہنماؤں میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، نوراللہ صدیقی نے دونوں رہنماؤں کو قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا سیٹ دیا، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عبد الحفیظ چودھری، حفیظ الرحمن خان اور بلال قاسم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کے دلوں میں مطالعہ قرآن کا ذوق پیدا کر رہے ہیں، قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف عصر حاضر کی بے مثال خدمت قرآن ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری دنیا کے روبرو پاکستان کا پرامن چہرہ پیش کیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد اجمل قادری نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو انتہا پسندی سے بچانا بہت بڑا چیلنج ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری احسن طریقے سے یہ خدمت انجام دے رہے ہیں اور میرے دل میں ان کا بہت احترام ہے آج پاکستان کو ایسے سکالرز، علمائے کرام اور مبلغین کی ضرورت ہے جو دلوں کو جوڑیں، فرقہ واریت سے نئی نسل کو بچائیں اور بین المذاہب و مسالک رواداری وہم آہنگی کو فروغ دیں اور اتحاد امت کا پیغام لیکر قریہ قریہ جائیں۔
تبصرہ