دفاع وطن کے سوال پر ہم ایک قوم اور ایک جماعت ہیں: خرم نواز گنڈاپور
وزیراعظم کا خطاب متوازن اور امن کے پیغام پر مبنی تھا: خرم نواز گنڈاپور
دراندازی کرنے والے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان پاکستان کی اعلیٰ ظرفی ہے
بھارتی وزیراعظم پاکستان کے امن پیغام کا مثبت جواب دیں: سیکرٹری جنرل PAT
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام جماعتوں نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا
لاہور (28 فروری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام جماعتوں نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور پوری دنیا کو پیغام دیا گیا کہ دفاع وطن کے سوال پر ہم ایک قوم اور ایک جماعت ہیں، جب سوال قومی سلامتی کا ہو تو ہم سیاست کو ایک طرف رکھ دیتے ہیں، 27 فروری کو افواج پاکستان نے دفاع وطن کے حوالے سے بے مثال کارکردگی دکھائی، 28 فروری کو پارلیمنٹ نے اتحاد، محبت اور یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کیا، وزیراعظم عمران خان کا خطاب متوازن، امن اور محبت کے پیغام پر مبنی تھا، بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان پاکستان کی اعلیٰ ظرفی ہے، بھارت اس کا مثبت جواب دے اور جنگی جنون سے باہر نکلے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان نے دفاع وطن کا حق ادا کر دیا، قوم سلیوٹ کرتی ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، 21 کروڑ عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی فورسز کی پشت پر کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی بھارت کی طرف سے یکطرفہ ہے، پاکستان تو امن اور مذاکرات کی بات کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے رویے سے سخت مایوسی ہوئی، بھارتی میڈیا نے امن کی بجائے انسانیت کاخون بہانے پر زور لگایا اور جھوٹ کو پرموٹ کیا، انہوں نے کہا کہ اس وقت دو دہائیاں مسلسل جنگی ماحول میں رہنے والی عالمی لیڈر شپ بھی مذاکرات کررہی ہے، بندوق کو ایک طرف پھینک کر افغانستان اور شمالی کوریا کی طرف دوستی کے ہاتھ بڑھائے جارہے ہیں، ماضی کے دشمن اپنے تعلقات دوستی میں تبدیل کررہے ہیں، بھارتی وزیراعظم خطے کے واحدسیاسی رہنما ہیں جو مذاکرات سے بھاگ رہے ہیں، یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں سیاسی، سفارتی، صحافتی محاذ پر شاندار کارکردگی دکھائی، اس کی بنیادی وجہ سچائی تھی، پاکستان نے سچ کے ساتھ دنیا سے انٹرایکشن کیا اور اخلاقی اعتبار سے بھی اور فوجی اعتبار سے بھی فتح یاب رہا۔
تبصرہ