پاکستان کا پائیدار امن فاٹا کے امن سے جڑا ہے: خرم نواز گنڈاپور
انضمام کے حوالے سے جو فیصلے ہوئے انہیں آئین کے تحت منطقی انجام تک پہنچایا جائے
شریف برادران نے کھربوں اور ان کے حواریوں نے اربوں لوٹے:گفتگو
یہ بات خوش آئند ہے حکومت کسی لٹیرے کو ڈیل یا ڈھیل دینے کے موڈ میں نہیں:سیکرٹری جنرل
لاہور (9 فروری 2019ء)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہاہے کہ پاکستان کا پائیدار امن فاٹاکے امن سے جڑا ہے، فاٹا کے انضمام کے حوالے سے ماضی میں جو فیصلے ہوئے انہیں آئین کے تحت منطقی انجام تک پہنچایا جائے، قبائلی علاقہ جات کی ترقی کے لیے این ایف سی ایوارڈ کے تحت 3فیصدرقم دئیے جانے والے وعدے پر عمل نہیں ہوا، فاٹا کے عوام نے وطن کے لیے بہت قربانیاں دیں، ان کا مزید امتحان نہ لیا جائے، پہلے بھی کمیٹی کمیٹی کھیلا گیا، اب بھی وہی رویہ نظر آرہا ہے، وزیراعظم براہ راست دلچسپی لیں، فاٹا کے معاملات میں ایک سے زائد پاور کوریڈور کھول دئیے گئے اور معاملات حل ہونے کی بجائے لٹک گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے افغانستان سے نکلنے کا اعلان کر دیا ہے، خطہ کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے، اس انخلاء میں قبائلی علاقہ جات کے حوالے سے زیادہ سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے، ان حالات میں پاکستان اپنی مغربی سرحدوں کے حوالے سے کسی قسم کی انتظامی، سماجی، سیاسی معاشی کوتاہی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے جس وزیر، مشیر کو پکڑا جاتا ہے اس کے اربوں روپے کے غبن سامنے آتے ہیں، شریف برادران کھربوں اور ان کے حواری اربوں کی لوٹ مار میں ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ مقدمے اور ریفرنس بہت بن گئے اب ریکوری کی ضرورت ہے، یہ بات خوش آئند ہے اس بار حکومت قومی لٹیروں کو کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔
تبصرہ