امن 2019 مشقوں پر پاکستان نیوی مبارکباد کی مستحق ہے: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان نیوی دنیا کی بہترین نیوی فورس ہے، میزبانی پوری قوم کا اعزاز ہے: سیکرٹری جنرل
پاکستان کے سپوت محدود و سائل کے باوجود جوانمردی سے انچ انچ کا دفاع کر رہے ہیں
لاہور (8 فروری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بحری مشق’’امن 2019‘‘ کے انعقاد اور میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے پر ہم اپنی محب وطن پاکستان نیوی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ بات پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے کہ پاکستان نیوی امن مشقوں کا انعقاد کرتی اور مختلف ممالک ان مشقوں میں شریک ہوتے ہیں، یہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بلا شبہ پاکستان نیوی نے محدود وسائل کے باوجود جوانمردی اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ سمندری حدود اور وطن عزیز کے انچ انچ کا دفاع کیا اور پاکستان کی سلامتی کے دیدہ اور نادیدہ دشمنوں کو پر نہیں مارنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ امن مشقوں سے پوری دنیا کو یہ پیغام مل رہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اس کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔ ’’ملٹی نیشنز‘‘ مشقوں سے عالمی امن اور استحکام آئے گا، انہوں نے کہا کہ یہ بات حقائق کے عین مطابق ہے کہ یہ بحری مشقیں مستقبل میں عالمی اتحادوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرینگی اور مضبوط سیکیورٹی تعاون کیلئے تربیتی اور محفوظ بحری ماحول کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہونگی۔
تبصرہ