تاجر برادری کیلئے بنک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان خوش آئند ہے: عوامی تاجر اتحاد
تاجر برادری کو ٹیکس دینے میں کبھی اعتراض نہیں ہوا ہے صرف طریق کار پر تحفظات ہیں
سابق کرپٹ حکمرانوں نے تاجر برادری سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا، مرکزی چیئرمین حاجی اسحق
لاہور (31 جنوری 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے ٹریڈرز ونگ عوامی تاجر اتحاد کا خصوصی اجلاس مرکزی چیئرمین حاجی محمد اسحق کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن میں منعقدہوا۔ حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ سا بق حکمرانوں کے غلط فیصلوں اور نا اہلیوں کے سبب سب سے زیادہ نقصان تاجر برادری کو ہوا۔ تاجر برادری کیلئے بنک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان خوش آئند ہے، تاجروں کو جو ریلیف حکومت کی طرف سے ملا ہے وہ کم ہے لیکن لائق تحسین ہے۔ ان حکومتی اعلانات سے معیشت میں بہتری آئیگی اور تاجر خوشحال ہونگے، تجارت کے پیشے میں بھی بہتری اور تیزی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومتی ریونیو میں سب سے زیادہ حصہ ڈالتی ہے۔ سابق حکمرانوں نے پچھلی تین دہائیوں سے تاجروں کو سوائے مسائل اور مایوسیوں کے کچھ نہیں دیا، حکومتی اعلان سے یقیناًحکومتی ریونیو میں بھی واضح فرق آئے گا، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ٹیکس دینے میں کبھی اعتراض نہیں ہوا ہے صرف طریق کار پر تحفظات ہیں، خوشی ہے کہ حکمران تاجروں کے مسائل پر توجہ دینا شروع ہو گئے ہیں، تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ طبقہ آسودہ ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا، ملکی معیشت میں بہتری اور استحکام کیلئے تاجروں کو ریلیف دینا ہوگا۔
ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی صدر الطاف رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری، حافظ عامر، میاں محبوب، حاجی عبدالخالق، حفیظ الرحمان خان، ثاقب بھٹی سمیت مرکزی و صوبائی عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر واضح لائحہ عمل تشکیل دے، تاجر برادری ملکی معیشت کی مضبوطی، استحکام کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی ہمیشہ حمایت کرتی ہے۔ حکمران تاجروں کی فلاح و بہبود کا کوئی بھی منصوبہ تشکیل دیں تو اس حوالے سے تاجروں برادری کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔ عوامی تاجر اتحاد کے قیام کا مقصد تاجر برادری کو درپیش مسائل کے لئے آواز اٹھانا اور انہیں حل کرنا ہے، تاجر برادری اس وقت بہت سے مسائل کا شکار ہے۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے تاجر برادری سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر تاجروں کا معاشی قتل کیا، سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پرصرف کمیشن اکٹھا کیا اور قومی خزانے کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ عوامی تاجر اتحاد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں ہمیشہ تاجروں کی ترقی و خوشحالی کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا۔ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کسی بھی حد تک جانا پڑا تو جائیں گے۔
تبصرہ