ساہیوال واقعے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں: خرم نواز گنڈاپور
قومی معیشت میں تاجر برادری کا کردار کلیدی ہے تاجروں کو سہولتیں ملنی چاہئیں
سانحہ ساہیوال کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں ریاستی دہشتگردی کسی بھی شکل میں قبول نہیں
کسی بھی مہذب معاشرے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ساہیوال جیسے واقعات کو قبول نہیں کیا جا سکتا
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک کی ماڈل ٹاؤن میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے گفتگو
لاہور (22 جنوری 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں عزت، وقار اور پہچان دی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ مل کر، متحد ہو کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا جائے۔ ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ قومی معیشت میں تاجر برادری کا کردار کلیدی ہے۔ تاجر برادری کو آسانیاں اور سہولتیں ملنی چاہئیں تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔ سابق حکمرانوں نے اپنی لوٹ مار اور نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پرتاجروں کا معاشی قتل کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور اس کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق کی قیادت میں آئے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرالطاف رندھاوا، حفیظ الرحمان خان، طارق الطاف، حاجی عبد الخالق قادری، میاں محبوب، میاں افتخار، منصور علوی و دیگر تاجر رہنما موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔ سانحہ ساہیوال کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں ریاستی دہشتگردی کسی بھی شکل میں ہو ناقابل قبول ہے۔ ساہیوال واقعے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ہمدردیاں مظلوم بچوں کے ساتھ ہیں۔ معصوم بچوں کے سامنے انکے والدین کا قتل نا اہلی اور بے حسی ہے۔ حتمی تحقیقاتی رپورٹ کے آنے تک چیف جسٹس، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب تحقیقات کو خود مانیٹر کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ساہیوال جیسے واقعات کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
تبصرہ